متحدہ عرب امارات کاغزہ کیلئےامداد میں اضافے کےبین الاقوامی عدالت انصاف کے اضافی اقدامات کا خیرمقدم

ابوظبی، 29 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے جنوبی افریقہ کی طرف سے پیش کردہ نسل کشی کے معاملے میں بین الاقوامی عدالت انصاف کے جاری کردہ اضافی عارضی اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد میں اضافہ کرے اور خوراک اور طبی سامان کی منتقلی کے لیے مزید کراسنگ پوائنٹس کھولے۔

بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اس سلسلے میں جنوبی افریقہ کی کوششوں کے لیے اپنی تعریف کا اعادہ کیا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔انہون نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے غزہ کی پٹی کے لیے فوری، پائیدار اور بغیر کسی رکاوٹ کے امداد اورانسانی ہمدردی کے تحت امداد کے داخلے اور ترسیل کو یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے مزید جانی نقصان سے بچنے اور مقبوضہ فلسطینی علاقے میں صورتحال خراب ہونےسے روکنے پر بھی زور دیا۔ متحدہ عرب امارات نے غزہ کی پٹی میں بے گناہ شہریوں کو درپیش انتہائی نازک اور گہری ہوتی ہوئی انسانی تباہی کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔

اماراتی وزیر نے اسرائیل کے شانہ بشانہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے دو ریاستی حل کے حصول اور فلسطینی اسرائیل تنازعہ کے پائیدار حل تک پہنچنے کے لیے ایسی سیاسی کاوشوں کی اہمیت پر زور دیا جو تشدد اور دشمنی کے خاتمے کی ضمانت دیتے ہوں۔

متحدہ عرب امارات نے زور دیا کہ وہ غزہ میں انسانیت سوز مصائب کے خاتمے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

ترجمہ: ریاض خان