ایکسپو 2023 دوحہ میں متحدہ عرب امارات کے پویلین نے"بیسٹ سیلف بلٹ پویلین"پرگولڈمیڈل جیت لیا

ابوظہبی، 30 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے پویلین نے چھ ماہ تک جاری رہنے والی ایکسپو 2023 دوحہ میں اپنی شرکت کااختتام کرتے ہوئے"بیسٹ سیلف بلٹ پویلین"کی کیٹیگری میں گولڈمیڈل حاصل کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے پویلین کویہ اعزاز ایکسپو 2023 دوحہ کے تھیمز،لینڈ سکیپ کے جدید ڈیزائن،مختلف پودوں کے بہترین انتخاب،پائیدار مواد کے استعمال اورماحولیاتی و ثقافتی پروگرامنگ کے ساتھ اس کی ہم آہنگی کی وجہ سےدیا گیا ہے۔ مزید برآں،یو اے ای پویلین کی جانب سے یہاں آنے والوں مہمانوں کو بہترین تجربات فراہم کیے گئےجو متحدہ عرب امارات کی ثقافت اور پائیدار تاریخ کی عکاسی ہے۔

Bjarke Ingles Group (بی آئی جی) کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے قومی درخت غاف کی شکل میں ڈیزائن کردہ پویلین 2ہزار290مربع میٹر پرمحیط تھا،جس میں غاف کی جڑوں کی پیچیدہ ساخت سے لے کر اس کی شاخوں اور پتوں تک کی مکمل شکل کوپیش کرتے ہوئے مقامی طورپرحاصل کردہ مواد سے دیواریں اورکھجور کے پتوں سے چھت بنائی گئی تھی۔پویلین کے اندردکھائے گئے باغ میں یو اے ای میں پائے جانے والے مقامی اورموافقت پذیرپودے لگائے گئے جن میں خوردنی پودے،پھلوں کے درخت،ادویاتی جڑی بوٹیاں،پھول، مصالحہ جات کےپودے، جھاڑیاں،گھاس،صنعتی اورسدابہار پودوں کے گروپ شامل تھے۔

اس اعزاز کے حصول پر وزیر مملکت نورہ بنت محمد الکعبی نے کہا"بیسٹ سیلف بلٹ پویلین" کے لیے گولڈن ایوارڈ حاصل کرنا،ہماری قیادت کی اسٹریٹجک دوراندیشی اور ان کی غیر متزلزل حمایت کو واضح کرتا ہے جو علاقائی سطح اوربین الاقوامی فورمز پر ملک کی نمایاں موجودگی کو مضبوط کررہاہے۔ غیرمعمولی طریقوں سے مختلف شعبوں میں اپنی کامیابیوں کو ظاہر کرتے ہوئے ہم ہمیشہ ایک ملک کے طور پر حصہ لینے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں یہ باوقار ایوارڈ حاصل کرنے پرفخر ہے جو وزارت خارجہ کی مختلف ٹیموں،سلامہ بنت حمدان النہیان فاؤنڈیشن اورصدارتی عدالت برائے قومی منصوبوں کی ڈپٹی چیئرپرسن عزت ماب شیخہ مریم بنت محمد بن زاید النہیان کی زیرصدارت نیشنل پروجیکٹ آفس کی انتھک کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔گزشتہ چھ ماہ کے دوران یو اے ای پویلین نے قطر اور عالمی برادری کے ساتھ روابط کو فروغ دیتے ہوئے،اپنے منفرد اوراختراعی ڈیزائن کے ذریعے ملک کے بھرپور زرعی ورثے کی نمائش کی۔

الکعبی نے کہا کہ ہم اس موقع پرقطر کو ایک متاثر کن عالمی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے منتظمین،باغبانی کی پیداوارکی بین الاقوامی ایسوسی ایشن(اے آئی پی ایچ) اور بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک کامیاب ایونٹ کا انعقاد کیا۔

"پرورش کی وراثت" پر مبنی یو اے ای کے پویلین نے متحدہ عرب امارات کی زرعی میراث اور قوم کے علمبرداروں کے بارے میں گہری تفہیم پیش کی،جو سب کے لیے زیادہ پائیداراور لچکدار مستقبل میں حصہ ڈال رہے ہیں۔

ایکسپو 2023 دوحہ میں یو اے ای پویلین کے کمشنر جنرل ابراہیم سالم حمید علوی نے کہا کہ، “ہم اس ایوارڈ کو یو اے ای پویلین کی پوری ٹیم اور اپنے مہمانوں کے نام کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں، جنہوں نے دوحہ میں ہمارے تجربے کو حقیقی معنوں میں خاص بنایا۔ یو اے ای پویلین نے قطر میں ہماری قوم کے پائیداری کے سفر اور دنیا کے ساتھ اس کی کہانی کو پیش کیا ، جس میں دکھایا گیا ہے کہ ہمارے اختراع کار اور محققین سب کے لیے زیادہ پائیدار اور لچکدار مستقبل کے لیے مشترکہ حل تخلیق کرنے کے لیے ہمارے قدرتی ماحول کو کس طرح دیکھتے ہیں۔”

یو اے ای پویلین کے پروگرامز میں زرعی اختراعات اور فوڈ سیفٹی ماہرین کے پینل مباحثے شامل تھے۔ متحدہ عرب امارات کے قدرتی ماحول اور پائیداری کے بارے میں تجسس پیدا کرنے کے لیے بچوں کے لیے تعلیمی ورکشاپس؛ تخلیقی سیشن کا انعقاداورکھانا پکانے کے لائیو مظاہرے پیش کئے گئے۔سیشنز کا اہتمام متحدہ عرب امارات کے مختلف اداروں کے تعاون سے کیا گیا تھا، جن میں انٹرنیشنل سینٹر فار بایوسالائن ایگریکلچر(آئی سی بی اے)،ہالو فائٹ کچن،لیٹس وی فارگیٹ،سوالف کولیکٹو اور ارلی سٹارٹر شامل تھے۔

"پرورش کی وراثت" بین الاقوامی باغبانی کی نمائش میں متحدہ عرب امارات کی تیسری پیشکش تھی۔ متحدہ عرب امارات نے سب سے پہلے بیجنگ 2019 میں اس قسم کے ہارٹیکلچر ایکسپو میں شرکت کی اس کےبعد نیدرلینڈ کے شہر المیرے میں "کھارے پانی کے شہر: جہاں زمین سمندر سے ملتی ہے" کے عنوان سے فلوریڈ ایکسپو 2022 میں شرکت کی تھی۔


ترجمہ۔تنویرملک