متحدہ عرب امارات اور ورلڈ سینٹرل کچن کی جانب سے غزہ کے لیے سمندری راستے سے دوسری امدادی کھیپ روانہ

ابو ظہبی، 30 مارچ، 2024 (وام)۔۔سمندر میں موسم بہتر ہونے پرتین بحری جہازاور ایک بجر بالآخر آج قبرص سے شمالی غزہ کے لیے سینکڑوں ٹن خوراک لے روانہ ہوگئے۔

سیکڑوں ٹن کی اس دوسری کھیپ میں 10 لاکھ سے زیادہ کھانے تیار کرنے کے لیے مطلوبہ خوراک شامل ہے،جس میں چاول، پاستا، آٹا، پھلیاں، ڈبہ بند سبزیاں اور پروٹین شامل ہیں۔

غزہ کے سمندری راستے کا افتتاح ورلڈ سینٹرل کچن اور اوپن آرمز نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی شراکت داری اور قبرص کے تعاون سے کیا ہے۔

اوپن آرمز اور قبرص کے ساتھ اس سمندری امدادی راہداری کو کھولنے سے متحدہ عرب امارات اور ورلڈ سینٹرل کچن غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کوششوں میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

ورلڈ سینٹرل کچن کی جانب سے اب تک بھوک کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کو زمین، فضائی اور سمندری راستے سے 43 ملین سے زیادہ کھانے فراہم کیے گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے 229 پروازوں، 19 ایئر ڈراپس، 1,035 ٹرکوں اور تین بحری جہازوں کے ذریعے 26ہزار ٹن فوری سامان بشمول خوراک، پانی اور طبی سامان پہنچایا ہے۔

اگرچہ اس اقدام سے فلسطینیوں کی خوراک کی اشد ضرورت کو کسی حد تک پورا کیا جارہا ہے لیکن قحط سے بچنے کے لیے زمینی راستے کھولنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک