متحدہ عرب امارات کی انسان دوست ٹیم چاڈ میں رمضان پروگرام پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے

ام جرس، 31 مارچ، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی انسان دوست ٹیم اپنا رمضان پروگرام چاڈ کے شہر ام جرس میں کر رہی ہے اورسوڈانی مہاجرین اور مقامی کمیونٹی میں رمضان کا راشن تقسیم کر رہی ہے۔ وہ رہائشیوں کی ضروریات کا جائزہ لینے اور انسانی امداد کی پیشکش کرنے کے لیے شہر کے قریب دیہاتوں اور قصبوں کا دورہ بھی کر رہی ہے ۔ اس ٹیم میں ہلال احمر امارات ، زاید بن سلطان النہیان فلاحی اور خیراتی فاؤنڈیشن اور خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن شامل ہیں۔

ٹیم چاڈ میں متحدہ عرب امارات کے امداد رابطہ دفتر کے تعاون سے کام کرتی ہے۔ اپنی رمضان مہم کے ایک حصے کے طور پر ٹیم نے ام جرس کے متعدد دیہاتوں میں 6,000 کھانے کی ٹوکریاں، 500 امدادی تھیلے اور رہنے کا سامان تقسیم کیا۔ رمضان کی ٹوکریوں میں بنیادی غذائی اشیاء جیسے چاول، آٹا، چینی، تیل، اناج، بچوں کا دودھ، کھجور اور دیگر ضروری اشیاءشامل ہیں جب کہ امدادی تھیلوں میں باورچی خانے کے برتن، گھریلو سامان، قالین اور خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرنا کیلئےدیگر زندگی کا سامان ہوتا ہے۔

ام جرس میونسپلٹی کے ڈائریکٹر محمد ادریس نے سوڈانی مہاجرین اور چاڈ میں مقامی کمیونٹی کی مدد کے لیے مسلسل اقدامات کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے نشاندہی کی ہے کہ غریب دیہاتوں میں رمضان راشن اور کھانے کی ٹوکریاں تقسیم کرنے سے ضرورت مند خاندانوں کی تکالیف کو دور کرنے میں بہت مدد ملے گی۔

ہلال احمر امارات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کھانے کی ٹوکریاں، امدادی تھیلوں اور ضروری سامان کی تقسیم ام جرس کے آس پاس کے متعدد دیہاتوں اور قصبوں تک پہنچ گئی جس سے رہائشیوں کو کافی فائدہ ہوا۔

چاڈ میں متحدہ عرب امارات کے فیلڈ ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر سالم العمیری نے کہا کہ 9 جولائی 2023 کو اپنے قیام سے لے کر اب تک ہسپتال نے سوڈانی مہاجرین اور مقامی کمیونٹی کے مرد، خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 20,000 مریضوں کا علاج کیا ہے۔ ہسپتال نے آرتھوپیڈکس، نیورو سرجری اور جنرل سرجری جیسی خصوصیات میں سادہ، اعتدال پسند اور پیچیدہ سرجری کی ہے۔

انہوں نےکہا کہ فیلڈ ہسپتال رمضان کے دوران اپنے ملک کی موجودہ صورتحال سے متاثرہ سوڈانی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے، چاڈ کی مدد کرنے اور مہاجرین کی آمد سے پیدا ہونے والے انسانی چیلنجوں کو کم کرنے کے لیے کھلا رہتا ہے۔

ترجمہ: ریاض خان