متحدہ عرب امارات کی غزہ کی پٹی میں ورلڈ سینٹرل کچن ٹیم پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

ابوظبی، 2 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے شمالی غزہ میں ورلڈ سینٹرل کچن ٹیم کو نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد امدادی کارکن ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو اس واقعے کامکمل ذمہ دار ٹھہرایا اور اس کی فوری، آزاد اور شفاف تحقیقات اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کرنے پر اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں وزارت خارجہ نے جانی نقصان پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ اور انکے ممالک کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ نےزخمیوں کی کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔

وزارت نے فوری جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیا اور شہریوں، تنظیموں، شہری سہولیات اور امدادی تنظیموں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ وزارت نے انسانی امداد پر پابندیاں عائد کرنے اور خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے سے باز رہنے اور فوری طور پر انسانی امداد کے عملے کو بلا تاخیر تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا۔

ترجمہ: ریاض خان