ابوظہبی، 2 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ اے آئی ایم کانگریس (سالانہ سرمایہ کاری اجلاس)نے یو اے ای انٹرنیشنل انویسٹرزکونسل کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کی تجدید کرتے ہوئے عالمی سرمایہ کاری کا ماحول اورعالمی معیشت کے فروغ کے لیے دوطرفہ ہم آہنگی اور مشترکہ کوششوں کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی نئی یادداشت (ایم او یو) پردستخط کیے ہیں، یہ معاہدہ گزشتہ سالوں کے دوران شراکت داری سے حاصل کردہ شاندارکامیابی کی عکاسی ہے، جس نے عالمی سرمایہ کاری کے مرکز اورغیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر متحدہ عرب امارات کی حیثیت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیاہے۔
ایم او یو پرمتحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی سرمایہ کارکونسل( یو اے ای آئی آئی سی) کے سیکرٹری جنرل جمال سیف الجروان اور اے آئی ایم کانگریس کے صدر داؤد الشیزاوی نے دبئی میں فاؤنڈیشن کے صدر دفتر اے آئی ایم گلوبل میں دونوں اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں دستخط کیے۔
معاہدےکا مقصد مشترکہ کوششوں کے ذرائع کو فروغ دینا ہے،کیونکہ اے آئی ایم کانگریس دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، فیصلہ سازوں، اسٹارٹ اپس اور اختراع کاروں کوایک مثالی پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے۔ ایم او یو تجربات اور خیالات کے تبادلے اور عالمی تجارتی برادری کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے عالمی اقتصادی ترقی کوبھی تحریک دے گا۔
دونوں فریقوں نے تعاون کا ایک جامع منصوبہ تیار کرتے ہوئے کوششوں کو بڑھانے پراتفاق کیا جس میں بیرون ملک قومی سرمایہ کاری سے متعلق معلومات کو اکٹھا اور ان کا تبادلہ اور ان سرمایہ کاری کی میزبانی کرنے والے ممالک کی طرف سے عائد اقتصادی اقدامات کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے سرگرمیوں اور تقریبات کا ایک مربوط سیٹ ترتیب دینا شامل ہے۔ ایم او یو سے غیر ملکی سرمایہ کاری مواقع اور مختلف غیر ملکی منڈیوں سے متعلق معلومات کا ڈیٹا بیس بنانے کے ساتھ ساتھ ان عالمی منڈیوں میں سرمایہ کاری کے ماحول کا تجزیہ کرنے میں معاونت ملے گی۔
متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی سرمایہ کار کونسل کے سیکرٹری جنرل جمال سیف الجروان نے اس تعاون پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی سرمایہ کار کونسل میں ہماری کوششوں کی کامیابی کے لیے تعاون ہمیشہ سے ایک لازمی عنصر رہا ہے، اور آج کی تجدید اے آئی کانگریس کے ساتھ شراکت داری اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت میں ہمارے یقین کی تصدیق ہے جس سے ہم وسیع پیمانے پرسرمایہ کاری شعبوں کو تلاش کرنے اور کور کرسکیں گے۔
اس موقع پر اے آئی ایم گلوبل فاؤنڈیشن کے صدر داؤد الشیزوی نے اے آئی ایم کانگریس اور یو اے ای انٹرنیشنل انوسٹرزکونسل کے درمیان شراکت داری کی اہمیت اور مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان بات چیت اور تعاون کو بڑھانے کے مقاصد حاصل کرنے میں اس معاہدے کی اہمیت پر زوردیا۔
الشیزاوی نے کہا کہ ہمیں یو اے ای انٹرنیشنل انویسٹرز کونسل کے ساتھ اپنی شراکت جاری رکھنے پر خوشی ہے،جس نے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے یہ سرمایہ کاری کے شعبے میں حوصلہ افزا ترقی کے ہمارے وژن کا اشتراک ہے۔ اس تجدید شدہ شراکت داری کے ذریعے ہم کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو نئے مواقع فراہم کرنے کے مقصد کے ساتھ سرحدوں کے آر پار لین دین کو آسان بنانے کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں کو جاری رکھ سکیں گے۔
"انویسٹمنٹ لینڈ سکیپ کو بدلنا: عالمی اقتصادی ترقی کے لیے نئے امکانات کا استعمال"کے عنوان سے اے آئی ایم کانگریس 2024 کا 13 واں سیشن ابوظہبی میں ایدنیک میں7 سے 9 مئی 2024 تک کیا جائے گا۔
اے آئی ایم کانگریس 2024 میں مختلف ٹریکس کے تحت ایک نمائش،کانفرنس،فورمز،ڈائیلاگ سیشنز،ورکشاپس، اسٹارٹ اپ مقابلے بشمول سرمایہ کاری ٹریک، جدت و ٹیکنالوجی ٹریک، اسٹارٹ اپس اور یونیکورنز ٹریک، ایس ایم ایز ٹریک، مستقبل کے فنانس فورم کاٹریک اور علاقائی فوکس فورم ٹریک شامل ہیں۔اے آئی ایم کانگریس میں کچھ تقریبات کااہتمام ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن، اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم( یو این آئی ڈی او) اور اقوام متحدہ کی تجارت اور ترقی کی کانفرنس (یو این سی ٹی اے ڈی) جیسےمتعدد بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے کیا جائے گا۔
ترجمہ۔تنویرملک