متحدہ عرب امارات اور قبرص کی اسرائیلی حملے میں ورلڈ سینٹرل کچن کے عملے کی ہلاکت کی شدید مذمت

ابوظہبی، 2 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات اور قبرص نے ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) کے امدادی کارکنوں پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت اور متاثرین کے خاندانوں اور ان کے ممالک کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی، اور ڈبلیو سی کے کی انتظامیہ اور عملے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

منگل کے روز جاری ایک بیان میں،متحدہ عرب امارات اور قبرص نے امدادی کارکنوں کے خلاف تشدد کی تمام کارروائیوں کی سختی سے مذمت کی ہے جو ضرورت مندوں کی خدمت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کئے ہوئے ہیں، بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ امدادی کاررائیوں میں شریک عملے کو نشانہ بنانا تمام بین الاقوامی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے جو امدادی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔

املثيا انیشیٹو کے ذریعے متحدہ عرب امارات، قبرص اور ورلڈ سینٹرل کچن کا مقصد غزہ کی پٹی کو فوری امداد اور سامان فراہم کرنا ہے تاکہ شمالی غزہ میں قحط سے بچا جا سکے اور خوراک کی فراہمی اور محفوظ تقسیم کے ذریعے پٹی کے عوام کے لیے مزید مصائب کو روکا جا سکے۔

دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری، محفوظ، بلا روک ٹوک اور پائیدار امداد کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے، معصوم جانوں کو لاحق خطرے کو فوری طور پر کم کرنے کے لیے اجتماعی بین الاقوامی نقطہ نظر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

فلسطینی خاندانوں کی صحت کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے فروی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اسرائیل امدادی کارکنوں کی حفاظت کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ امدادی کارکن اہم کام کو محفوظ طریقے سے اور اپنی جانیں ضائع ہونے کے خوف کے بغیر انجام دے سکیں۔


ترجمہ۔تنویرملک