ابوظہبی، 2 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے غزہ میں اسرائیلی حملے میں ورلڈ سینٹرل کچن کے امدادی کارکنوں کی ہلاکت پر آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ ،پولینڈ کے وزیر خارجہ رادوسلاسکورسکی،، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون،امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن، کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی ، ابوظہبی میں فلسطینی سفارت خانے کے ناظم الامورعلی محمد یونس اور ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) تنظیم کے بانی جوز اینڈریس کوتعزیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔
شیخ عبداللہ نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے ڈبلیو سی کے امدادی قافلے پر فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس کے نتیجے میں اس کی ٹیم کے سات ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ ڈبلیو سی کے کے اہلکار شمالی غزہ کی پٹی کے شہریوں کے لئے امدادی کوششوں میں اضافے کے لیے مصروف عمل تھے جو ایک المناک صورتحال سے دوچار اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں۔
شیخ عبداللہ نے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے اسرائیلی حکام سے فوری، آزاد اور شفاف تحقیقات کرنے اور پوری ذمہ داری قبول کرنے اور موجودہ بحران سے متاثرہ شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ردعمل کو مضبوط کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے مطالبے پر زور دیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے مقبوضہ فلسطینی علاقے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کی کوششوں کو تیز کرنے کے علاوہ شہریوں کے تحفظ اور انہیں فوری امداد فراہم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
ترجمہ۔تنویرملک