ابو ظہبی، 2 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیرڈاکٹرانور قرقاش نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے جاپان کے خصوصی ایلچی یوموروا تسوکاساسے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور خطے میں امن کے لیے سلامتی اور استحکام کے قیام کی کوششوں کی اہمیت پربات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر قرقاش نے یو اے ای کے جنگ بندی مطالبے اورفلسطینی عوام کے ان کی آزاد ریاست کے قیام کے لیے جائز حقوق کی ضمانت پرمبنی سیاسی حل کےموقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے، شہریوں کی حفاظت اور غزہ کے باشندوں کو درپیش مصائب کے خاتمے کے لیے امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید برآں، انہوں نے تنازعی کو پھیلنے سے روکنے اورایک ایسے پائیدار سیاسی حل کی طرف آنے کی ضرورت کو اجاگر کیا جو خطے کو باربار آنے والے بحرانوں کا سامنا کرنے سے روک سکتے ہوں۔
ڈاکٹر قرقاش نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تازہ ترین قرارداد پر عمل کرنے کی اہمیت کا بھی حوالہ دیا جس میں ماہ رمضان کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کو طول دینے سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور جاری بحرانوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر قرقاش نے اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کی اہم امدادی کوششوں سے آگاہ کیا جن میں چیلنجنگ لینڈ کراسنگ، قبرص سے سمندری گزرگاہوں، اور امداد ی ایئر ڈراپس کے ذریعے غزہ کی پٹی میں امداد بھیجنا شامل ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے فیلڈ ہسپتال، پانی کو صاف کرنے کے منصوبوں اور دیگر متعلقہ اقدامات سمیت متعدد منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمہ۔تنویرملک