زاید کی انسانی ہمدردی کی وراثت کے اقدام کے تحت 10 سالوں کے لیے 20ارب درہم مختص کرنے کااعلان

ابوظہبی، 5 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ انٹرنیشنل ہیومینٹیرین اینڈ فلانتھراپی کونسل کے اعلان کے مطابق زاید کی انسانی ہمدردی کی وراثت کے اقدام کے تحت امداد کی فراہمی، عدم مساوات دور کرنے اورپائیدار ترقی کی کوششوں کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے والے اداروں اور منصوبوں کی مدد کے لیے 10 سالوں کے لیے 20ارب درہم(5ارب 45کروڑ ڈالر) کی رقم مختص کی جائے گی۔

کونسل کا اجلاس صدارتی عدالت برائے ترقی و شہدا امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کی زیرصدارت ہوا جس میں زاید ہیومینٹیرین ڈے کے موقع پر صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے اعلان کردہ اس اقدام کے ڈھانچے اور فوری فنڈنگ ​​کی ترجیحات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کی وفات کی 20 ویں برسی کے موقع پر یہ اقدام، عالمی ترقی کے اہداف کی جانب پیشرفت کو تیز کرنے کے ایک عظیم اور نئے عزم کی نمائندگی ہے،جس میں دنیا بھر کے کم اور درمیانی آمدنی والے طبقوں کی مدد پر زور دیا گیا ہے۔دیگراہم ترجیحات کے علاوہ تعلیم،صحت، ماحولیات، فوڈ سیفٹی اور امدادی کوششوں اس میں شامل ہیں۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت اور نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی نگرانی میں زاید کی انسانی ہمدردی کی میراث کا اقدام دنیا بھر میں ضرورت مند کمیونٹیز کے لیے ہمارے بانی والد کی ہمدردی اور سخاوت کوجاری رکھنے کی نمائندگی کرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں مسلسل سب سے زیادہ عطیہ دہندگان کی درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔ او ای سی ڈی ڈویلپمنٹ اسسٹنس کمیٹی کے مطابق 2013، 2014، 2016 اور 2017 میں متحدہ عرب امارات مجموعی قومی آمدنی (جی این آئی) کے حساب سے آفیشل ڈویلپمنٹ اسسٹنس (او ڈی اے) کا دنیا کا سب سے بڑا ڈونر ملک تھا۔ متحدہ عرب امارات اب بھی سرکاری ترقیاتی امداد کے سب سے بڑے عطیہ دہندگان میں سے ایک ہے۔

کونسل کو بتایا گیا کہ بانی والد کی میراث کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پائیدار فنڈنگ ​​کے منصوبوں پر غور کرتے ہوئے اس اقدام پر عملدرآمد کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے لیے مخیر اور انسان دوست تنظیموں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

شیخ ذیاب کی سربراہی میں کونسل کے دریگر ارکان میں وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی، صدارتی عدالت میں بین الاقوامی امور دفتر کی سربراہ مریم بنت محمد سعید حارب المہیری،وزیر برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ شما بنت سہیل المزروعی،صدارتی عدالت کے مشیرفارس محمد احمد المزروعی،امارات ہلال احمرکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر حمدان مسلم المزروعی، ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی اورمعاون وزیر برائے خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون برائے بین الاقوامی ترقیاتی امور سلطان محمد الشامسی شامل ہیں۔

ترجمہ۔تنویرملک