ابوظبی، 6 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (اے ڈی ایف ڈی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رواں سا ل کے لیے پہلا اجلاس وزیر خارجہ، فنڈکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وائس چیئرمین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی صدارت میں ہوا۔
ورچوئل طور پر ہونے والے اس اجلاس میں وزیر مملکت شیخ شخبوت بن نہیان النہیان ، وزیر مملکت احمد علی الصیغ، صدارتی عدالت کے مشیر فارس محمد المزرئی، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ترقی پذیر ممالک میں منصوبو ں کی فنڈنگ کیلئےکی درخواستوں سمیت کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ شیخ عبداللہ بن زاید نے کہاکہ ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کی کامیابیاں صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی مسلسل حمایت اور عزم اور نائب صدر، نائب وزیراعظم، صدارتی عدالت کے چیئرمین اور ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زید النہیان کی نگرانی کا ثبوت ہیں۔
ان کی رہنمائی اور قیادت نے ترقیاتی کاموں کے دائرے میں خود کو ایک عالمی مثال کے طور پر قائم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو تقویت دی ہے جو ترقی پذیر ممالک میں لوگوں کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے عالمی منڈیوں میں متحدہ عرب امارات کی برآمدات کی مسابقت کو بڑھانے کے ذریعے قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے فنڈ کے کردار پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ فنڈ قومی نجی شعبے کو اس کے اسٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لیے معاونت فراہم کرنے اور اسے مقامی اور عالمی توسیع کے لیے امید افزا مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کوششوں نے غیر ملکی تجارت کی ترقی اور متحدہ عرب امارات میں کمپنیوں کے کاروبار کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس سے متنوع اور پائیدار معیشت کی ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
محمد سیف السویدی نے شیخ عبداللہ بن زاید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فنڈ کی کوششوں کی حمایت کرکے اسے حکمت عملی کے ساتھ اپنی اہم آپریشنل سرگرمیوں کو وسعت دینے کے قابل بنایا جس نے قومی معیشت کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ فنڈ نے حالیہ برسوں میں اپنی ترقی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر تیز کیا ہے۔ ترقیاتی فنانسنگ اور متنوع سرمایہ کاری کی مشترکہ رقم 216 ارب درہم سے تجاوز کر گئی ہے جس سے براعظموں کے 106 ممالک مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی شراکتیں عالمی ترقیاتی امداد میں سب سے اولین شراکت دار کے طور پر متحدہ عرب امارات کی حیثیت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ترجمہ: ریاض خان