شارجہ میں ڈرون چیمپئنز ریس المجاز ایمفی تھیٹر میں 20 سے 21 اپریل تک ہوگی

شارجہ، 6 پریل، 2024 (وام) ۔۔ ڈرون چیمپئنز ریس شارجہ گورنمنٹ میڈیا بیورو کے زیر انتظام المجاز ایمفی تھیٹر میں 20 سے 21 اپریل تک منعقد ہوگی۔

دنیا کی سب سے بڑی ڈرون ریسنگ لیگ ملٹی جی پی اس ریس کا مشترکہ طور پر انعقاد کررہی ہے۔ مقابلے میں 16 ایلیٹ ڈرون ریسرز ہوں گے جو عالمی چیمپئن ہیں اور بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکے ہیں۔

ریسرز میں پال نورکالا بھی شامل ہیں جنہوں نے 2018 کی عالمی چیمپئن جیتی تھی ۔ یہ شارجہ میں اپنی نوعیت کی پہلی ریس ہوگی۔ مقابلہ دلچسپ ہونے کی توقع ہےکیونکہ دنیا کے سب سے زیادہ ہنر مند ریسرز چار کوالیفائر میں دو دن تک مقابلہ کریں گے۔ سرفہرست چار حریف فائنل ریس کے لیے کوالیفائی کریں گے جو دوسرے دن ہو گی۔

شارجہ گورنمنٹ میڈیا بیورو کے ڈائریکٹر جنرل طارق سعید علائی کے مطابق یہ ریس المجاز ایمفی تھیٹر کی مختلف ریسوں کے لیے عالمی سیاحتی اور کھیلوں کے مقام کے طور پر شارجہ کی ساکھ کو بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ ایونٹ اس قسم کی ریسنگ کے بارے میں مزید جاننے، دنیا کے بہترین ریسرز کو دیکھنے اور ڈرون ٹیکنالوجی میں جدید ترین ترقیوں کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون ریسنگ ٹیکنالوجی کو تیز عقل کے ساتھ جوڑتی ہے اور تحقیق اور ترقی پر انحصار کرتی ہے۔انکا کہنا تھا کہ یہ مستقبل کی ٹیکنالوجی ہے جسے مختلف مثبت مقاصد اور ترقیاتی خدمات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آنے والی ریس خصوصی کمپنیوں اور نمائشوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گی جو ان کی تازہ ترین مصنوعات کی نمائش کرتی ہیں۔ شرکاء ڈرون آلات میں اپنی خدمات اور تازہ ترین رجحانات کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ تقریب میں شرکاء اور ڈرون ریسنگ کے شوقین افراد کی تفریح کے لیے مختلف ضمنی سرگرمیاں اور شوبھی پیش کیے جائیں گے۔

وہ افراد جو ایونٹ کے ساتھ ہونے والی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ متحدہ عرب امارات کی شرائط و ضوابط کے مطابق اپنے رجسٹرڈ اور مجاز پرائیویٹ طیاروں کا استعمال کرکے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ ان کے لیے ایک مخصوص علاقہ مختص کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے مشاغل پر عمل کر سکیں۔

ترجمہ: ریاض خان