شمالی غزہ میں ورلڈ سینٹرل کچن کی انسانی ہمدردی کی کوششیں قابل قدر ہیں: عبداللہ بن زاید

ابوظبی، 6 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے شمالی غزہ میں انسانی ہمدردی کی کوششوں اور وہاں امداد پہنچانے میں ورلڈ سینٹرل کچن کے اہم کردار کی تعریف کی ہے۔

تنظیم کے بانی جوزے آندرس کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید نے ورلڈ سینٹرل کچن کی ٹیم کو لے جانے والی کار پراسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تنظیم کے صدر اورمتاثرین کے اہل خانہ سےگہری تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے ورلڈ سینٹرل کچن اور اس کی ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے تمام شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امدادی کارکنوں کوخطے میں جاری کشیدگی کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے تنظیم اور اس کی ٹیم کی کوششوں کے لیے اپنی مخلصانہ تعریف کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کو شمالی غزہ میں شہریوں کو ضروری انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تنظیم کے ساتھ مضبوط شراکت داری پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ورلڈ سینٹرل کچن کے ساتھ کام کرنے اور اس کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کی حمایت کرنے کا پختہ عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ متحدہ عرب امارات غزہ کی پٹی میں المناک انسانی حالات سے دوچار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے تمام شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ورلڈ سینٹرل کچن سمیت تمام انسانی ہمدردی کی تنظیموں کا کردار اہم ہے اور انہیں ہر قسم کا تعاون اور امداد فراہم کی جانی چاہیئے۔

ترجمہ: ریاض خان