ابوظہبی، 6 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات میں 7 اپریل کو عالمی یوم صحت (ڈبلیو ایچ ڈی )منایا جائے گا، جس کا اس سال موضوع "میری صحت، میرا حق" ہے جس کا مقصد ہر کسی کوہر جگہ، بغیر کسی امتیاز کے صحت کی مناسب خدمات اور دیکھ بھال تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس سال کی تقریب کا تھیم متحدہ عرب امارات کے وژن اور سب کے لیے ایک ترقی یافتہ، مربوط اور قابل رسائی اور سستی صحت کے نظام کو فروغ دینے کی اس کی کوششوں کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
یہ دن متحدہ عرب امارات میں صحت کے شعبے کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کا ایک موقع ہے، جو اس وقت طبی خدمات اور سائنسی کامیابیوں کے حوالے سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر قیادت کررہاہے۔
متحدہ عرب امارات نے صحت کے عالمی مسابقتی اشاریوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ لیگیٹم انسٹی ٹیوٹ کے خوشحالی انڈیکس 2023 کے مطابق، متحدہ عرب امارات خسرہ سے بچاؤ کے امیونائزیشن میں عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ انڈیکس میں عالمی سطح پر اور عرب دنیا میں قبل از پیدائش دیکھ بھال کی کوریج، بچوں کی کم شرح اموات، قدرتی آفات کے جانی نقصانات اور نیشنل ارلی ڈیٹیکشن پروگرامز کے لحاظ سے بھی اسے پہلے نمبر پر رکھا گیاہے۔
برٹلزمان سٹیفٹنگ فاونڈیشن اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے نیٹ ورک کے جاری کردہ 2023 کے پائیدار ترقیاتی اہداف انڈیکس کے مطابق، یو اےای سول اداروں میں برتھ رجسٹریشن ی تعداد کے لحاظ سے بھی دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
خوشحالی انڈیکس 2023 کے مطابق، صحت کی سہولیات کی کوریج اور گھروں کے اندر ایندھن کی وجہ سے فضائی آلودگی کی کمی کے معاملے میں بھی متحدہ عرب امارات دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
گیلپ ورلڈ پول کے ذریعے صحت کی معیاری سہولیات کی دستیابی پر آبادی کے اطمینان کی شرح کی بنیاد پر،متحدہ عرب امارات صحت کی دیکھ بھال سے اطمینان کے لحاظ سے عرب دنیا میں پہلے اور عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔
2023 کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے انڈیکس کے مطابق، متحدہ عرب امارات عرب دنیا میں پہلے اور فی ایک لاکھ آبادی میں تپ دق کی شرح میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔
متحدہ عرب امارات کی ہیلتھ کونسل صحت کے شعبے میں مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
21 مارچ کو ہیلتھ کونسل کے اجلاس کے دوران، کونسل نے کئی فیصلوں کی توثیق کی جن کا مقصد صحت کے شعبے کو مضبوط کرنا اور سٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ وفاقی اور مقامی ہیلتھ اتھارٹیز کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
ہیلتھ کلاؤڈ پراجیکٹ جدید ترین کلاؤڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو کہ صحت کے ڈیٹا کو جمع کرنے، شیئر کرنے اور ان کا انتظام کرنے کے لیے ایک محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
مراکز صحت اور مریضوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے سے لے کر، صحت کی تحقیق میں جدت کو فروغ دینے، اور صحت کے رجحانات اور بیماریوں کی شناخت کے لیے جدید تجزیاتی صلاحیتیں فراہم کرنے تک، ہیلتھ کلاؤڈ پروجیکٹ صحت سہولیات کی فراہمی اور کامیابیوں کومزید مضبوط کررہاہے۔
دسمبر 2023 میں، کوپ28 پریذیڈنسی نے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مل کر ایک نئے کوپ28 یو اے ای اعلامیہ برائے موسمیات و صحت'' کا اعلان کیا تاکہ لوگوں کی صحت کو بہتر بناتے ہوئے موسمیاتی اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کو تیز کیا جا سکے۔
کوپ28 کے دوران، متحدہ عرب امارات نے صحت کے شعبے کے لیے ایک روشن مستقبل کی تشکیل اور ایک جامع نقطہ نظر اختیار کرکے نئے عالمی معیارات قائم کرنے کے لیے اپنے عزم کا مظاہرہ کیا جو بنیادی طور پر ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ای ایس جی) کے معیارات میں اصولوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے پائیداری کے لیے اپنے عزم اور صحت کے شعبے کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو اجاگر کیا۔
وزارت صحت نے موسمیاتی تبدیلی اور فضائی آلودگی کے صحت کے اثرات کے خلاف ایک فعال اقدام کے طور پر موسمیاتی تبدیلی اور صحت پر متحدہ عرب امارات کے قومی فریم ورک کے ایک تازہ ترین ورژن کو بھی متعارف کرایا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے تعاون اور ریاستی سطح پر متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے تیار یہ فریم ورک کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے تحفظ اور آب و ہوا سے متعلق صحت کے خطرات کو کم کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔
فریم ورک کا اعلان ایکسپو سٹی دبئی میں کوپ28 کے موقع پر وزارت کی جانب سے منعقدہ ایک سیشن کے دوران کیا گیاتھا۔
متحدہ عرب امارات اپنے صحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے کام کر رہا ہے اس اہم شعبے کے اخراجات میں گزشتہ برسوں کے دوران اضافہ کیا گیاہے۔ 2016 کے وفاقی بجٹ میں صحت کے لیے3ارب 83کروڑ50لاکھ درہم مختص کیے گئے تھے، جو 2024 کے عام بجٹ میں نمایاں اضافے کے ساتھ 5ارب 20کروڑ درہم ہوگئی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک