ابوظبی، 6 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی کی شیخ زاید جامع مسجد میں رمضان المبارک کی 27 ویں شب ریکارڈ 70,000 لوگوں نے مختلف عبادات اور نمازوں میں شرکت کی۔
ان میں سے 11,589 نے تراویح اور 59,091 نے نمازتہجد ادا کی جبکہ 33,500 لوگوں کو افطار فراہم کیا گیا۔
نماز کی امامت شیخ زاید جامع مسجد کے امام شیخ ادریس ابکر نے کی جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور خوشحالی، اس کے قائدین کی رہنمائی اور بانیوں کے لیے مغفرت کی دعا کی۔مسجد کے ہال، راہداری اور صحن زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے اور یہ امن و سکون کا منظر پیش کر رہے تھے۔ ابوظہبی میں شیخ زاید جامع مسجد کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی دیگر مساجد میں بھی بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔
العین میں شیخ خلیفہ جامع مسجد میں نمازیوں کی کل تعداد 28,850 تھی جن میں 3,734 نے عشاء اور تراویح کی نمازیں ادا کیں جبکہ 25,116 نے تہجد کی نماز میں شرکت کی۔ فجیرہ کی شیخ زاید جامع مسجد میں نمازیوں کی کل تعداد 13,634 تھی جن میں 2,318 نے عشاء اور تراویح کی نمازیں جبکہ 11,316 نےتہجد کی نماز ادا کی۔
شیخ زاید جامع مسجد سینٹر نے بڑی تعداد میں نمازیوں کو ایڈجسٹ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور مختلف سرکاری اداروں کے تعاون سے بہت سی خدمات فراہم کیں۔ ان خدمات میں نمازیوں کو پارکنگ سے مسجد اور عبادت گاہوں تک لے جانے کے لیے 70 سے زیادہ الیکٹرک کاروں کی فراہمی،50 سے زیادہ وہیل چیئر ،مسجد کے صحن کو قالین بنانا اور خواتین کے لیے خصوصی عبادت گاہیں قائم کرنا،پوری مسجد میں موبائل انفارمیشن پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ،اضافی پانی کی بوتلیں فراہم کرنا،مسجد کے مختلف حصوں میں نمازیوں کے لیے 3,515 سے زیادہ آرام دہ نشستیں تقسیم کرنا اورابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی کے تعاون سے طبی طور پر لیس ایمبولینس فراہم کرنا شامل ہیں۔
نمازیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر مرکز نے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر اس سال 1,800 اضافی پارکنگ کی جگہیں مختص کیں جس سے پارکنگ کی کل تعداد 8,379 ہوگئی۔ اس نے مسجد اور اس کے داخلی راستوں کے ارد گرد مرکزی اور ثانوی سڑکوں پر ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے میں مدد کے لیے مربوط ٹرانسپورٹ سینٹر کے ساتھ مل کر پارکنگ اور مسجد کے درمیان ایک شٹل بس سروس بھی فراہم کی۔
ہموار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ابوظہبی پولیس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریفک اینڈ پیٹرولز نے ایک جامع منصوبہ نافذ کیا جس سے مسجد اور اس کے مختلف داخلی راستوں کے آس پاس کے علاقے میں پولیس افسران اور گشت کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔
مرکز نے رضاکاروں کی تعداد کو دوگنا کرکے 580 سے زائد کر دیا۔ ان میں مرکز کے تمام ملازمین شامل تھے جو مختلف خصوصیات کے حامل تھےجنہوں نے اپنے سرکاری اوقات کار اور شفٹوں کے بعد ابشر یا وطن رضاکار ٹیم، پولیس افسران، پیرا میڈیکس، سول ڈیفنس کے اہلکار وں اور معاون عملے نے ہلال احمر امارات کے رضاکاروں کے ساتھ کام کیا۔
ترجمہ: ریاض خان