العریش، 7 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کا تیسرا امدادی بحری جہازغزہ کی پٹی میں جنگ سے متاثرہ فلسطینی عوام کے لیے 4ہزار630ٹن امدادی سامان لے کر مصر کی بندرگاہ العریش پہنچ گیا۔
امدادی کھیپ میں خوراک اور طبی سامان، بچوں کا دودھ ، پناہ گاہوں کا سامان، موسم سرما کے کپڑے اور دیگر ضروری سامان شامل ہیں۔
یہ امدادی جہاز الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے اور امارات ہلال احمر (ای آر سی) کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کی ہدایت پر غزہ کے عوام کی مدد اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے روانہ کیا گیا۔
العریش کی بندرگاہ پر جہاز کی آمد کے موقع پر، ای آر سی کے سیکرٹری جنرل راشد مبارک المنصوری نے کہاکہ اس امدادی کھیپ کا مقصد متحدہ عرب امارات کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کوششوں کو فروغ دینا ہے جس کا مقصد آپریشن "شیولرس نائٹ 3" کے تحت غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی مدد کرنا ہے۔
المنصوری نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں ای آر سی ٹیموں کے ساتھ مل کر، امدادی کھیپ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مستحقین میں تقسیم کرنے کے لیے ایک مکمل منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
تیسرا امدادی جہاز 23 مارچ کو فجیرہ کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا، جس میں 4,218.3 ٹن خوراک ، 370.2 ٹن پناہ گاہوں کا سامان اور 41.6 ٹن طبی امداد کے علاوہ پانی کے چھ ٹینک دو سیپٹک ٹینک اور ایک ڈیزل ذخیرہ کرنے والاٹینک شامل ہے۔
امدادی سامان امارات ہلال احمر، زاید بن سلطان النہیان چیریٹیبل اینڈ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن اور خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک