کیگالی، 7 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ وزیر مملکت شیخ شخبوط بن نہیان بن مبارک النہیان نے جمہوریہ روانڈا کے صدرپال کاگامے سے دارالحکومت کیگالی میں ملاقات کی۔
شیخ شخبوط نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کا تہنیتی اور روانڈا اور اس کے عوام کے لیے سلامتی، استحکام اور امن کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور کے علاوہ ہر سطح پر تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر پال کاگامے نے صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو مبارکباد پیش کی اور متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کے لیے مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شیخ شخبوط نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے تتسی قبیلے کے خلاف نسل کشی کی 30ویں برسی میں شرکت کی۔
تقریب میں متعدد سربراہان مملکت اور حکومت کے علاوہ بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے روانڈا کے صدر نے قومی ہفتہ سوگ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ روانڈا کے صدر نے ریاستی مہمانوں کے ساتھ، کیگالی نسل کشی کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، جو روانڈا میں تتسی قبیلے کے خلاف نسل کشی میں مارے جانے والے لوگوں کی خراج عقیدت پیش کرنے کا مقام ہے۔
تقریب کے دوران روانڈا کے صدر نے کہا کہ یہ پروقار برسی مارے جانے والے معصوم افراد کو یاد کرنے، اور مفاہمت اور قومی تعمیر نو کے ذریعے روانڈا کی ترقی کا جشن منانے کا وقت ہے۔
روانڈا کے صدر نے اس موقع پر روانڈا کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آنے والے وفود کا شکریہ ادا کیا۔
شیخ شخبوط نے اس موقع پر کہا کہ تتسی قبیلے کے خلاف نسل کشی کی 30ویں برسی پوری دنیا میں رواداری، بقائے باہمی اور دوسرے کو بلا تفریق قبول کرنے کی اقدار کو فروغ دینے کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کا پیغام پوری دنیا کے لیے امن، رواداری اور امید کو فروغ دے رہا ہے۔
وزیر نے رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے میں جمہوریہ روانڈا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے امن و استحکام قائم کرنے اور ایک باوقار زندگی اور خوشحالی کے لیے لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے کام کیاہے۔
ترجمہ۔تنویرملک