حمدان بن زاید کی جانب سے ابوظہبی میں ماحولیاتی ڈیٹا کی رپورٹنگ کے لیے قرارداد کا اجرا

ابوظہبی، 8 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندےاور ماحولیاتی ایجنسی ابوظہبی (ای اے ڈی) کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان نے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق ڈیٹارپورٹنگ کے لیے سال 2024 کی قرارداد نمبر 1 جاری کی ہے۔

قرارداد کے ذریعے مختلف فیکٹریوں،کارخانوں،سہولیات اور منصوبوں کے ذریعے ماحول میں خارج ہونے والے آلودگی کی اقسام اور مقدار کی شناخت اور نگرانی کے ذریعے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے اصول، لوازمات اور ضوابط کا تعین کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، قرارداد سے ماحول میں خارج ہونے والے مادوں کی لوکیشن ، مقدار اور مواد کی شناخت کے لیے جامع، ماحولیاتی ڈیٹا بیس کے قیام میں مدد ملے گی۔

قرارداد کا اطلاق امارت میں کام کرنے والے تمام اداروں اور منصوبوں پر ہوگا جو ای اے ڈی کے لائسنس یافتہ ہیں ای اے ڈی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عملدرآمد کے طریقہ کار، ماحولیاتی آڈیٹنگ اور جامع ماحولیاتی نگرانی کے پروگرامز کے ذریعے قرارداد کے نفاذ کی نگرانی کرے گا۔

قرارداد کی شرائط کے مطابق ماحولیات کے لیے نقصان دہ سرگرمیوں کی حامل سہولیات اور منصوبوں کے لیے ماحولیاتی ڈیٹا رپورٹ کی تیاری لازمی ہوگی جو ای ےا ڈی کی طرف سے متعین کردہ طریقہ کار کے مطابق ہر سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ای ےا ڈی کو جمع کرانا ہوگی۔ رپورٹ میں ان سہولیات اور منصوبوں کے حوالے سے توانائی اور پانی کی کھپت کے اعداد و شماردینا ہوں گے۔

سہولت یا پروجیکٹ کا ڈیٹا،اس کے اختیار کردہ آپریشنل طریقہ کاراور کسی بھی آپریشنل عمل، آلات اور مشینری اور ٹیکنالوجی پراجیکٹ یا سہولت میں استعمال ہونے والی معلومات لازمی رپورٹنگ میں شامل ہوں گی۔ مزید برآں زیادہ سے زیادہ قابل اجازت خارج ہونے والی حد کے مقابلے کسی بھی ڈسچارج پر ڈیٹا کا اشتراک کیا جائے گا۔

ڈیٹا میں خام مال کا بھی احاطہ کیا گیا ہے جو پیداواری عنصر کے طور پر استعمال اور اخراج کو کنٹرول کرنے کے طریقہ کار، استعمال شدہ پیمائش کے طریقہ کار اور وقفہ، پیمائش کے مقامات، نیز نتائج اور حادثات جو پیمائش کے کاموں اور اصلاحی اقدامات کے ساتھ ہوتے ہیں کی تفصیل دینا ہوگی۔

قرارداد کے مطابق، ای اے ڈی اس بات کے تعین کے لیے معیارات وضع کرے گا کہ کن سہولیات یا منصوبوں کو اپنے ڈیٹا اور ڈسچارجز کی اطلاع دینا لازمی ہوگی وہ خارج ہونے والے مادوں کی نگرانی اور پیمائش کے لیے میکانزم تیار کرتے ہوئے لازمی رپورٹنگ کے ماحولیاتی ڈیٹا کا تعین کرے گا۔

ایجنسی موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر سہولیات اور منصوبوں کا ان کے انفرادی اور مجموعی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے جائزہ لے گی۔ای اے ڈی کی طرف سے منظور شدہ ماحولیاتی مشاورتی دفتر کے ذریعے تیاررپورٹس ہی وصول کی جائیں گی۔

ای اے ڈی ماحولیاتی مشاورتی دفتر کو اس سہولت یا پروجیکٹ کے خلاف شکایت کی صورت میں ماحولیاتی اخراج سے متعلق کسی بھی جانچ پڑتال ، یا موصول ہونے والے ڈیٹا کی درستگی کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داری تفویض کرے گا۔ ای اے ڈی بوقت ضرورت سہولیات یا پروجیکٹس سے اضافی اخراج کے نمونے لے گا اور تجزیہ کرے گا، یا کسی تیسرے فریق یا اپنے اسٹریٹجک شراکت داروں کے نمائندے کو تسلیم شدہ لیبارٹریوں میں نمونوں کا تجزیہ کرنے کا کام سونپے گا۔

قرارداد کے مطابق ای اے ڈی لائسنس یافتہ سرگرمیوں کے عمل کی بھی نگرانی کرے گا، اصلاحی اقدامات کی کارکردگی اور لاگو کیے گئے کسی بھی کنٹرول کے موثر ہونے کاوقتاً فوقتاً جائزے لے گا، اس کے علاوہ ماحولیاتی ڈیٹا کی رپورٹنگ کے بارے میں آگاہی اور تعلیمی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

قررار داد میں اداروں اور منصوبوں کےلیے ای اے ڈی کی طرف سے مخصوص آلات اور ضروریات فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے تاکہ عمل درآمد میں آسانی اور ای اے ڈی کی ضروریات سے ہم آہنگ نگرانی کی تکنیک استعمال کی جا سکے۔

قرارداد کی شرائط کے مطابق سہولت یا پروجیکٹ کو معیار کو یقینی بنانے اور اس کی نگرانی کے لیے منصوبہ تیار کرنے اور اس پر عمل درآمد کا وعدہ کرنا ہوگا، بشرطیکہ اس منصوبے میں تمام آپریشنل اور اصلاحی طریقہ کار کے لیے تفصیلی ہدایات شامل ہوں۔ کیس کی بنیاد پر، ای اے ڈی سہولت یا پروجیکٹ کےلیے ای اے ڈی سے منظور شدہ کنسلٹنگ آفس کا تقرر کرسکے گا جو کوالٹی اشورینس پلان کی توثیق ، اور اس کے نفاذ اور تعمیل کے بارے میں رپورٹس پیش کرے گا۔

قرارداد کی شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں ای اے ڈی 2005 کےقانون نمبر 16 کے تحت ایک یا ایک سے زیادہ انتظامی سزائیں دے سکے گی۔

ترجمہ۔تنویرملک