متحدہ عرب امارات کے صدراور بل گیٹس کا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 11 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے فون کیا ۔ بل گیٹس نے یو اے ای اور اس کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے، عزت مآب کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔

عزت مآب اور گیٹس نے پولیو جیسی متعدی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا،انہوں نے بین الاقوامی کوششوں کو بڑھانے کی اہم ضرورت پر بھی زور دیا جس کا مقصد کمزور کمیونٹیز کی ان بیماریوں کو ختم کر نا ہے جو ان کی ترقی، تندرستی اور زندگی کے مجموعی معیار کو متاثر کررہی ہیں۔

بات چیت کے دوران گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ہونے والی کوپ 28 موسمیاتی کانفرنس کی تاریخی کامابیوں کا بھی ذکر کیا گیا، جس کے نتیجے میں یو اے ای اتفاق رائے سامنے آیا جو کہ کلائمیٹ ایکشن کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی کوششوں کو تیز کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

بات چیت کے دوران قدرتی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے حصول کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی چیلنجوں کے پائیدار حل کو بہتر بنانے میں جدید ٹیکنالوجی اور جدت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کی طرف سے غزہ کی پٹی میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال سے نمٹنے اور بحران کے آغاز سے لے کر اب تک امداد اور طبی امداد کی ترسیل کو آسان بنانے کے لیے کی گئی اہم کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عزت مآب شیخ محمد نے عید الفطر کی مبارکباد دینے پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور کمیونٹیز کیلیے خطرہ بننے والی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے مستقبل کے اقدامات کو تقویت دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا۔

بل گیٹس نے دنیا بھر میں کمیونٹیز کی حمایت میں متحدہ عرب امارات کی اہم امدادی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے اور اس بیماری کے خلاف عالمی اقدامات کو تقویت دینے کے لیے کوششوں پر عزت مآب کو سراہا جس سے دنیا بھر میں کمیونٹیز کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہواہے۔


ترجمہ۔تنویرملک