25 ممالک کی 190 شخصیات شارجہ چلڈرن ریڈنگ فیسٹیول میں شرکت کریں گی

شارجہ، 12 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ شارجہ چلڈرن ریڈنگ فیسٹیول (ایس سی آر ایف) ایک بار پھر اپنے سامعین کو سحر میں مبتلا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایس سی آر ایف کے مہمان متاثر کن مذاکرات، پینل ڈسکشن اور منفرد ورکشاپس میں شرکت کریں گے۔

ونس اپون اے ہیرو‘ کے عنوان سے شارجہ بک اتھارٹی (ایس بی اے) کے زیر اہتمام اور ایکسپو سنٹر شارجہ میں یکم سے 12 مئی تک منعقد ہونے والا یہ خطے کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔

25 ممالک کے 190 مہمانوں کی شرکت کے ساتھ ، یہ فیسٹیول ادب کی عالمگیر اپیل اورمستقبل کی نسلوں کو کہانی سنانے کی طاقت کی نمائندگی کرتا ہے۔

فیسٹیول کی اس سال کی سرگرمیوں میں کامیاب ترین افراد ہر عمر کے شرکاء کے لیے بھرپور تجربات پیش کریں گے۔

ان شخصیات میں سرفہرست ممتاز امریکی کارٹونسٹ اور بچوں کی کتابوں کے مصور جیری کرافٹ ہیں، جن کی سنڈیکیٹڈ کامک سٹرپ "ماماز بوائز" اور گرافک ناولز جیسے "نیو کڈ" اور "کلاس ایکٹ" نے انہیں وسیع پیمانے پر پذیرائی دلائی ہے۔ کرافٹ میں شامل نیویارک ٹائمز کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے مصور اور مصنف راؤل دی تھرڈ ہیں۔

فیسٹیول کے ایجنڈے کو ڈاکٹر کیرولین لیف مزید آگے بڑھائیں گی ، جو امریکہ سے تعلق رکھنے والی دنیا کے مشہور کمیونیکیشن پیتھالوجسٹ اور نیورو سائنٹسٹ ہیں۔

ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے، سٹیسی سی باؤر اور ینگ ینگ این جی اپنی منفرد صلاحیتوں کو پیش کریں گے۔باؤر،اپنی مزاحیہ کہانیوں کے حوالے سے ایک مشہور مصنف ہیں ۔ این جی موسیقی کی تعلیم میں تین دہائیوں سے زیادہ کے تجربے کے ساتھ، تخلیقی صلاحیتوں اور سیکھنے کی دنیا میں انمول تجربات پیش کریں گے۔

دریں اثنا، فیسٹیول میں مصنف اور ماہر تعلیم اور بچوں کے ادب کے حوالے سے معروف شخصیت جارجیا کی لیا شالواشویلی بھی شریک ہوں گی ۔تعلیمی اور صنفی نفسیات میں مہارت رکھنے والے ممتازامریکی ماہر نفسیات ڈاکٹر ال جونز فیسٹیول میں فکری گفتگو کریں گے۔

ہندوستان کے قابل ذکر مہمانوں میں ممتا نینی، بیتھنی کلارک اور سوہنی مترا شامل ہیں، جو بچوں کے ادب اور اشاعت کے بارے میں اپنے منفرد نقطہ نظر کو پیش کریں گے۔

دیگر قابل ذکر شخصیات میں امریکہ سے کیتھی کیمپر، برطانیہ سے جوآن سٹیر، میکسیکو سے ڈاکٹر سینڈی زینیلا، نائجیریا سے ٹوئن اکانی، افغانستان اور امریکہ کی نمائندگی کرنے والی دیبا زرگر پور، آئرلینڈ سے لیام کیلی، امریکہ سے ہننا موشابیک، لارین تماکی، لیلا بوکریم، جین ماؤنٹ، اور زیلمارے ولجوین شامل ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک