شیخ زاید گرینڈ مسجد سینٹر کی جانب سے ثقافتی رابطوں اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے چوتھے 'جوسور' پروگرام کا انعقاد

ابوظہبی، 13 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ شیخ زاید گرینڈ مسجد سنٹر(ایس زیڈ جی ایم سی) نےرمضان المبارک کے دوران ثقافتی رابطوں اور رضاکارانہ جذبے کو فروغ دینے کے مشن کے تحت"جوسور"(برجز)پروگرام کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد کیا۔

مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے یہ پروگرام مختلف ثقافتوں، نسلوں اور عقائد کے لوگوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں سرکاری اور نجی شعبوں کے نمائندوں کو رمضان کی برکات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

رضاکارانہ طور پر مسجد کے اندر افطار کا کھانا تقسیم کرنے، افطار توپ کا مشاہدہ اور ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کے ذریعے شرکاء کو مسجد کے پیغام اور وژن سے متعارف کرایا گیا۔ تقریب کا اختتام اجتماعی افطار کے ساتھ ہوا، جہاں شرکاء نے بقائے باہمی اور بھائی چارے کی فضا میں اکٹھے افطارکیا۔

ایس زیڈ جی ایم سی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر یوسف العبیدلی نے کہا کہ مرکز کے زیر اہتمام اور زیر نگرانی اجتماعات ثقافتی اور انسانی رابطوں کے مواقع فراہم کرتے ہیں جو بقائے باہمی سے آگے مثبت میل جول کا باعث بنتے ہیں،خاص طور پر متحدہ عرب امارات میں، جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے حامل لوگ امن کے ساتھ، ایک ہم آہنگ سماجی ماحول کے اندر انصاف اور مساوات کے مثالی حالات میں ایک ساتھ رہتے ہیں۔

مرکز کی جانب سے چوتھے سیزن میں پروگرام کے نو سیشنز کا اہتمام کیا گیا ، جس میں متحدہ عرب امارات کے 13 سفارت خانوں اور متعدد تنظیموں اور اداروں کی جانب سے 394 سے زائد شرکاء نے نمائندگی کی۔ انہوں نے مسجد میں 1,750 سے زائد افطار کے کھانے تقسیم کئے۔


ترجمہ۔تنویرملک