ابوظہبی، 14 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ٹیلیفون پربات چیت کی،جس کے دوران برادرانہ تعلقات اورباہمی مفاد کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون اورمشترکہ کوآرڈینیشن کو فروغ دینے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
عزت مآب رہنماوں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال خاص طور پر غزہ کی پٹی میں بگڑتے ہوئے بحران اور غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کی کوششوں کے علاوہ ترجیحی طور پر شہریوں کے تحفظ اورغزہ کے عوام کے لیے انسانی،طبی اور امداد کی فراہمی میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماوں نے اس سلسلے میں عرب کوششوں کو مربوط کرنے کی اہمیت اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے کشیدگی پر قابو پانے اورسب کے لیے استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ،جامع اور دیرپا امن کے قیام کی کوششوں میں پیش رفت کے لیے فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمہ۔تنویرملک