متحدہ عرب امارات کے صدراوربحرین کے شاہ کا علاقائی صورتحال اور غزہ میں انسانی بحران پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 14 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے فون پر بات چیت کی،جس کے دوران برادرانہ تعلقات اور باہمی مفادات کےحصول کے لیے تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

عزت مآب اور شاہ حمد نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال خاص طورپرغزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران کے ساتھ ساتھ جنگ ​​بندی کے حصول اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کے علاوہ غزہ کے لوگوں کوپائیدار اوربغیر کسی رکاوٹ کے امداد کی فراہمی میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دونوں رہنماوں نے خطے میں تنازعہ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی فوری ضرورت اور تمام ممالک کے استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کے حصول کی اہمیت پر زور دیا۔


ترجمہ۔تنویرملک