دبئی، 15 اپریل، 2024 (وام) ۔۔محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز کے تحت دی ڈیجیٹل اسکول نے عراقی کردستان کی علاقائی حکومت کے ساتھ شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔
شراکت داری کے تحت ایک لاکھ طلباء کو تین سالوں کے اندرجدید ڈیجیٹل تعلیمی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
وزیرمملکت برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیجیٹل اکانومی وریموٹ ورک ایپلی کیشنز اور ڈیجیٹل اسکول کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمینعمر سلطان العلماء،اور عراقی کردستان کی علاقائی حکومت کے وزیر تعلیم الان حماه سعيد صالح نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے ساتھ نئے مرحلے کا آغاز کیا۔
اس موقع پر کردستان ریجن میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل احمد الظاہری،ریجن کی وزارت تعلیم میں ایجوکیشنل پلاننگ کے ڈائریکٹر جنرل شیلان خلیل جنید اور ڈیجیٹل سکول کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ولید العلی بھی موجود تھے۔
دبئی کیئرز کے تعاون سے نئے مرحلے میں ایک لاکھ طلبا کوڈیجیٹل تعلیم دینا ہے۔اس میں 1,500 اساتذہ کی ڈیجیٹل تربیت ، کرد زبان میں ڈیجیٹل تعلیمی پلیٹ فارم کی تیار ی، خطے کے سرکاری تعلیمی نصاب کو انٹرایکٹو ڈیجیٹل مواد میں تبدیل کرنا، اور 50 اسکولوں کے اندر 100 ڈیجیٹل تعلیم کی کلاسز قائم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
مزید برآں، اس اقدام کے تحت ڈیجیٹل تعلیمی ٹولز، بشمول 1,650 سے زیادہ کمپیوٹرز اور پروجیکٹر فراہم کیے جائیں گے۔
العلماء نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایات کو اجاگرکیا جو دنیا بھر کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور طلباء کے لیے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے پر مرکوز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل اسکول اور عراقی کردستان کی علاقائی حکومت کے درمیان شراکت داری کے نئے مرحلے کے آغاز کا مقصد جنوری 2022 میں شروع کیے گئے پہلے مرحلے کی کامیابیوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔
العلماء نے کہا کہ عراقی کردستان میں طلباء کو جدید اور مستقبل کے تعلیمی مواقع کے ساتھ بااختیار بنانا شراکت داری کا بنیادی مقصد ہے۔
عراقی کردستان کی علاقائی حکومت میں وزیر تعلیم الان حماه سعيد صالح نے کردستان کے طلباء کو مستقبل کی جامع تعلیم فراہم کرنے کے حوالے سے کہا کہ مہارت کی نشوونما اور مسلسل سیکھنے کو ترجیح دی گئی ہے جو کہ متحدہ عرب امارات کے ڈیجیٹل اسکول کے ساتھ شراکت داری کا بنیادی حصہ ہے۔
دبئی کیئرزکے سی ای او اور وائس چیئرمین ڈاکٹر طارق القرق نے اس حوالے سے کہا کہ عراقی کردستان میں ڈیجیٹل اسکول پروگرام کا آغاز بچوں اور نوجوانوں میں صحیح تعلیم فراہم کرنے اور ڈیجیٹل مہارتوں کو پھیلانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم میں ٹیکنالوجی کو اپنانے سے، ہم ایک روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں، جہاں بچوں اور نوجوانوں کو ایک دوسرے سے جڑی ہوئی دنیا میں کامیاب ہونے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
ڈیجیٹل اسکول اور عراقی کردستان کی علاقائی حکومت کے درمیان شراکت داری کے پہلے مرحلے میں کئی ڈیجیٹل تعلیمی پروگراموں اور اساتذہ کی تربیت کے اقدامات کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل تعلیمی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ان کوششوں میں 14 سکولوں اور تقریباً 4,400 طلباء شامل تھے۔
اس مرحلے کے دوران، الیکٹرانک آلات تقسیم کیے گئے، اور ایریزونا یونیورسٹی کے تعاون سے اساتذہ کے لیے تربیتی کورس ڈیجیٹل اسکول کے ذریعے منعقد کیے گئے۔
نومبر 2020 میں، نائب صدر،وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی طرف سے شروع کردہ ڈیجیٹل اسکول اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل اسکول ہے۔ اس کا مقصد طلباء کو ان شعبوں میں ڈیجیٹل تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے جہاں تعلیم کے لیےضروری حالات یاوسائل دستیاب نہیں ہیں۔
ڈیجیٹل اسکول میں توسیع کا عمل جاری ہے، جو 13 سے زیادہ ممالک میں 160,000 سے زیادہ مستفید طلباء کو خدمات فراہم کررہا ہے۔ اس کے تحت 2,500 سے زیادہ ڈیجیٹل اساتذہ کو بھی تربیت دی گئی ہے ، جس میں تعلیمی اور تربیتی مواد چارزبانوں عربی،انگریزی، فرانسیسی اور ہسپانوی میں فراہم کیا گیا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک