تاشقند، 15 اپریل، 2024 (وام) ۔۔متحدہ عرب امارات کے وفد نے توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر سہیل بن محمد المزروعی کی سربراہی میں جی سی سی-وسطی ایشیائی ممالک کے تاشقند میں ہونے والےاسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوسرے مشترکہ وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت قطر کے وزیر اعظم اوروزیرخارجہ اورخلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے موجودہ اجلاس کے سربراہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی اورازبکستان کے وزیرخارجہ بختیور سیدوف نے کی۔
اجلاس میں جی سی سی اوروسطی ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ساتھ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جاسم محمد البديوی اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
افتتاحی خطاب کرتے ہوئے بختیور سیدوف نے جی سی سی اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم آہنگی اور تعاون کے طریقہ کار کو تقویت دی جا سکے۔
اجلاس میں جی سی سی کی مشترکہ کوششوں کی تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ اورسیاسی امور سے متعلق پیش رفت اور خطے اور تازہ ترین عالمی صورتحال کے ساتھ ساتھ جی سی سی اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان مذاکرات اور اسٹریٹجک تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے وفد میں ازبکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر ڈاکٹر سعيد مطرالقمزی اور وزارت خارجہ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے متعدد سینئر حکام شامل تھے۔
ترجمہ۔تنویرملک