ورلڈ بینک نے 2024 کے لیے متحدہ عرب امارات کی جی ڈی پی کی پیش گوئی 3.9 فیصد اور2025 کے لیے 4.1 فیصد کردی

واشنگٹن، 15 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ عالمی بینک نے 2024 کےلیے متحدہ عرب امارات کی حقیقی جی ڈی پی نمو کے لیے اپنی سابقہ پیش گوئی 3.7 فیصد کو بڑھا کر3.9 فیصد کر دیا ہے۔

مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے خطے میں ہونے والی تازہ ترین اقتصادی صورتحال کے بارے میں شائع ہونے والے اقتصادی جائزہ میں،ورلڈ بینک نے کہا کہ اس نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی نمو کے لیے2025 کے لیے اپنی 3.8 فیصد کی سابقہ پیش گوئی کوبڑھا کر 4.1 فیصد کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں 2024 میں 8.4 فیصد اور 2025 میں 8.3 فیصد اضافے کا اندازہ لگایا گیا ہے اور یہ کہ وہ رواں سال کے آخر تک اپنے مالیاتی توازن میں 5.1 فیصد اور اگلے سال 4.8 فیصد تک سرپلس حاصل کر لے گا۔

مینا کے خطے کے لیے، ورلڈ بینک نے2024 کے لیے خطے میں 2.7 فیصد نمو کی پیش گوئی کی ہے، جو وباسے پہلے کی دہائی میں کم ترقی کی طرف واپسی کی نمائندگی کرتا ہے۔ 2025 کے لیے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مینا کے علاقے میں 4.2 فیصد کی شرح سے ترقی متوقع ہے۔ بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت جی سی سی کی معیشتوں میں 2024 میں نمو کی شرح 2.8 فیصد اور 2025 میں 4.7 فیصد تک بڑھ جائے گی۔

بینک کے مطابق مینا کی فی کس جی ڈی پی میں 2024 میں معمولی 1.3 فیصد اضافے کی توقع ہے،جو 2023 میں 0.5 فیصد شرح سے بہتر ہے۔یہ اضافہ تقریباً مکمل طور پر جی سی سی ممالک بشمول بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کی فی کس جی ڈی پی کی وجہ سے ہے جن کی 2024 میں فی کس جی ڈی پی کی شرح نمو 1.0 فیصد متوقع ہے۔

ترجمہ۔تنویرملک