نیویارک، 16 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے نئے مستقل نمائندے محمد ابوشہاب نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کو اپنی اسناد پیش کیں، محمد ابوشہاب کو لانا نسیبہ کی جگہ مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔
اسناد پیش کرنے کے بعد ملاقات میں سفیر ابوشہاب اور سیکرٹری جنرل گوتریس نے مشترکہ ترجیحات اور مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سمیت دنیا کے مختلف خطوں کی تازہ ترین صورتححال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سکریٹری جنرل نے متحدہ عرب امارات اور اقوام متحدہ کے درمیان قریبی تعاون اور 2022-2023 میں سلامتی کونسل میں اس ی رکنیت کے دوران اقوام متحدہ میں اتفاق رائے قائم کرنے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے کردار کی اہمیت کا خیرمقدم اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہا۔
تقریب کے دوران سفیرابوشہاب نے صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان،نائب صدر،وزیر اعظم اوردبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصوربن زاید النہیان اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زید النہیان کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔
سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات کے بعد، سفیر محمد ابوشہاب نے کہاکہ اقوام متحدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اقوام متحدہ کے سسٹم اور اس میں متحدہ عرب امارات کی شرکت کے لیے ایک نازک وقت میں یہ کردار ادا کرنے پر انہیں بہت فخر ہے۔ متحدہ عرب امارات نتیجہ خیز بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات رواداری، بقائے باہمی اور پرامن معاشروں کو فروغ دینے، دنیا بھر میں خواتین اور لڑکیوں کے کردار کو بااختیار بنانے، پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے استعمال اور گلوبل کلائمیٹ ایکشن کے حوالے سے کام جاری رکھے گا۔
سفیر ابوشہاب اگست 2021 سے اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے نائب مستقل نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے مشن میں شامل ہونے سے قبل وہ بیلجیم، یورپی یونین اور لکسمبرگ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک