ابوظہبی، 16 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ ماحولیاتی ایجنسی ابوظہبی (ای اے ڈی) نے ابوظہبی کے جنگللاتی علاقوں اورتحفظ گاہوں میں قدرتی طور پر پائے جانے والے تمام مقامی درختوں کو شامل کرنے کے لیے مقامی درختوں کو ٹیگ کرنے کے پروگرام میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
ایجنسی کا مقصد ایک لاکھ مقامی درختوں کو پروگرام کے تحت ٹیگ کرنا ہے، جس میں غاف، سمر اور سدر کے درخت شامل ہیں، یہ درخت قدرتی طور پر جنگلاتی علاقوں اور محفوظ علاقوں میں پروان چڑھتے ہیں۔ اپنے اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کر، ای اے ڈی نے درختوں کی ٹیگنگ کے لیے معیارات مرتب کیے ہیں، جو امارات کے مختلف علاقوں میں نافذ کیے جائیں گے۔
محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ (ڈی ایم ٹی) کے زیر انتظام درختوں کو ٹیگ کرنے کے اقدام کے ذریعے شہر کے پارکوں، شہری علاقوں اور سڑکوں کے کنارے درختوں کو شامل کرنے کے لیے پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔ ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی اور محکمہ ثقافت و سیاحت کے تعاون کے ساتھ، زرعی علاقوں اور سیاحتی مقامات پر واقع مقامی درختوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ پروگرام میں درختوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
ماحولیاتی ایجنسی ابوظہبی کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شیخہ سالم الظاہری نے کہاکہ ایجنسی نے یہ پروگرام صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے وژن کے مطابق تیار کیا ہے، جس میں ملک کے ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زوردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر الظاہری نے کہا کہ یہ پروگرام سب سے زیادہ جامع اقدامات میں سے ہے۔ ایجنسی کا مقصد امارات کے شیخ زاید پروٹیکٹڈ ایریاز نیٹ ورک کے اندر جنگلاتی علاقوں اور قدرتی جنگلات میں اگنے والے تمام مقامی درختوں کو ٹیگ اور نمبر لگانا ہے۔ یہ اقدام، سٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مل کرکیا جائے گا۔
ایجنسی میں زمینی اور سمندری حیاتیاتی تنوع شعبے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد الہاشمی نے کہاکہ پروگرام کی توسیع مقامی مقامی درختوں کے تحفظ کو بڑھانے کے لیے ای اے ڈی کے عزم کا ثبوت ہے، نومبر 2023 میں پروگرام کے آغاز کے بعد سے ابتدائی تین ماہ کے اندر، 17ہزارسے زیادہ درختوں کو کامیابی سے ٹیگ کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ابوظہبی میں مقامی درختوں کو متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کے علاوہ درختوں کو غیر قانونی تجاوزات سے پیدا ہونے والے اضافی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
الہاشمی کے مطابق، ایجنسی نے 2021 کے بورڈ کی قرارداد نمبر (2) میں بیان کردہ خلاف ورزیوں اور متعلقہ انتظامی جرمانے کے حوالے سے کمیونٹی میں آگاہی پیدا کی ہے۔
پروگرام کے تحت ڈیٹا کے معیار کو بہتر اور مقامی درختوں کی حیثیت سے متعلق متعلقہ حکام کی معلومات کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔ پروگرام جامع معلومات کرے گا جو خاص طور پر خصوصی ڈیٹا اکٹھا کرنے اور جغرافیائی لنکنگ ایپلی کیشنز میں استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ایپلی کیشنز ماحولیاتی ایجنسی کے ماحولیاتی ڈیٹا بیس کو فیلڈ ڈیٹا کی براہ راست منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، جس سے پروگرام کی پیشرفت پر حقیقی وقت کی رپورٹنگ کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک