دبئی میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 1ارب70کروڑ ڈالر مالیت کے لگژری گھروں کی ریکارڈ فروخت ہوئی:نائٹ فرینک

دبئی، 16 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران دبئی میں 1کروڑ ڈالر سے زیادہ کی قیمت کے ایک سو پانچ گھر فروخت ہوئے، جو کہ گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔

پراپرٹی کنسلٹنٹ، نائٹ فرینک کے پارٹنر - ہیڈ آف ریسرچ مینا فیصل درانی کے مطابق دبئی میں گھروں کی فروخت کے سودوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے خاص طور پر مارکیٹ کی اعلی سطح پرجہاں دنیا کے امیر لوگوں کی جانب سے شہر کے مہنگے ترین گھر خریدے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا کے امرا کی دبئی پر نظریں ہیں اور 1کروڑ ڈالرمالیت سے زیادہ قیمت والےگھرتعداد میں کم رہ گئے ہیں جو گزشتہ 12 ماہ میں پورے شہر میں 59 فیصد کم ہو کر صرف 864 رہ گئے ہیں۔

پہلی سہ ماہی کے دوران فروخت ہونے والے لگژری گھروں کی کل قیمت1ارب73کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں چھ فیصد زیادہ ہے۔

نائٹ فرینک کے مطابق گزشتہ سال، دبئی میں1کروڑ ڈالرمالیت کے431 گھر فروخت ہوئےجو اس کے قریب ترین مدمقابل لندن (240) سے تقریباً 80 فیصد زیادہ ہے۔ نیویارک (211) گھروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

پام جمیرا 62کروڑ80لاکھ ڈالر کے سودوں کے ساتھ پہلی سہ ماہی کے دوران لگژری ہومز مارکیٹ پر غالب رہا، جو کل قیمت کے لحاظ سے فروخت کا36.3 فیصد ہے، جمیرہ بے آئی لینڈ (11.1 فیصد)اور دبئی ہلز اسٹیٹ (سات فیصد) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

پام جمیرہ (39) کے ساتھ لگژری گھروں کی فروخت کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست رہا، پام جبل علي (دس) اور بزنس بے (سات) جمیرہ بے آئی لینڈ یا دبئی ہلز اسٹیٹ سے اعلیٰ درجے کے گھروں کی فروخت میں آگے رہے۔

ریجنل پارٹنر اور پرائم ریذیڈنشل، مینا کے سربراہ ول میک کینٹوش نے اس حوالے سے کہا کہ دبئی ہلز اسٹیٹ میں کچھ عرصے سے خاموشی سے فروخت میں اضافہ جاری ہے کیونکہ گھریلو خریداروں کے لیے نہ صرف دبئی سب سے زیادہ مطلوب مارکیٹوں میں سے ایک ہے، بلکہ اب لگژری گھروں کے خریداروں میں بھی تیزی سے اضافہ جاری ہے۔

پرائم ریسرجنس

نائٹ فرینک کے مطابق، دبئی کی اہم رہائشی مارکیٹ، جس میں پام جمیرہ، جمیرہ بے آئی لینڈ، اور ایمریٹس ہلز شامل ہیں، کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

فیصل درانی نے کہا کہ 2023 میں 16.3 فیصد اضافے کے بعد، 2022 کے دوران غیر معمولی 44.4 فیصد اضافے کے بعد، دبئی کی اہم رہائشی مارکیٹ میں گزشتہ 12 ماہ میں 26.3 فیصد اضافہ ہواہے۔

دبئی میں پرائم رہائشی لوکیشن پر تقریباً 980 مربع فٹ کی قیمت 10لاکھ ڈالر ہے، اس کے مقابلے میں نیویارک میں صرف 366 مربع فٹ، لندن میں 355 مربع فٹ، اور موناکو میں 172 مربع فٹ کی یہ قیمت ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک