متحدہ عرب امارات کے صدر اور رومانیہ کے وزیر اعظم کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 18 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ صدرعزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات کے دورے پرآئے رومانیہ کے وزیر اعظم مارسل چولاکو سے ملاقات کی،قصرالشاطی میں ملاقات کے دوران عزت مآب نے رومانیہ کے وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات میں خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دورے کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

عزت مآب اور رومانیہ کے وزیر اعظم نے مختلف ترجیحی شعبوں بالخصوص معیشت اورتجارت کے علاوہ قابل تجدید توانائی، فوڈ سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا،جس سے دونوں ممالک میں باہمی سرمایہ کاری میں مدد ملے گی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امورخاص طور پرمشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی اورغزہ کی پٹی میں جنگ بندی اورانسانی ہمدردی کی بنیاد پرامدادی کوششوں کو بڑھانے کا جائزہ اوران پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات کے دوران عزت مآب شیخ محمد نے رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے خاص طور پر ترقیاتی شعبوں میں تعاون کومضبوط بنانے کے مواقع میں سرمایہ کاری کرنے میں متحدہ عرب امارات کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

عزت مآب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور رومانیہ کے درمیان تعلقات متحدہ عرب امارات کے قیام کے ابتدائی سالوں سے ہی قائم ہیں اورمسلسل ترقی کی خصوصیت دونوں ممالک کی ترقی اور پیشرفت میں معاون ہے۔

عزت مآب صدرنے مشترکہ مفادات اور سب کے لیے ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے کے مستقل عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر رومانیہ کے وزیر اعظم نے کہا کہ رومانیہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات خاص طور پر اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

رومانیہ کے وزیر اعظم نے پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ مہمان نوازی پر عزت مآب کی تعریف بھی کی۔

عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور رومانیہ کے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی دو یادداشتوں کی تقریب میں بھی شرکت کی،پہلی یاداشت مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبے میں جبکہ دوسری متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل گورنمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اوررومانیہ کی نیشنل اتھارٹی فارمینجمنٹ اینڈ ریگولیشن ان کمیونیکیشنزکے درمیان تھی۔

ملاقات میں الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے عزت مآب شیخ حمدان بن زایدالنہیان، صدارتی عدالت برائے ترقی وشہداامور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان، عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدارتی عدالت میں خصوصی امور کے مشیرعزت مآب شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان،صدر کے سفارتی مشیرڈاکٹر انور قرقاش، وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی،وزیرتوانائی و انفراسٹرکچرسہیل بن محمد المزروعی، وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر،موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی وزیر ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الضحاک الشامسی،وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اکانومی و ریموٹ ورک ایپلی کیشنزعمر سلطان العلما ،رومانیہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیرسلطان العلی اور کئی سینئر حکام نے شرکت کی۔

رومانیہ کے وزیر اعظم کے ہمراہ رومانیہ کے متعدد وزراء اور اعلیٰ حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔


ترجمہ۔تنویرملک