یورپی یونین کی جانب سے ورلڈ فیوچر انرجی سمٹ میں ای یو- جی سی سی گرین ٹرانزیشن پروجیکٹ کاافتتاح

ابوظہبی، 18 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ یورپی یونین نے ای یو-جی سی سی کوآپریشن برائے گرین ٹرانزیشن پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔اس حوالے سے ابوظہبی میں ورلڈ فیوچرانرجی سمٹ (ڈبلیو ایف ای ایس) کے دوران بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی (ارینا)کے پویلین میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس پروجیکٹ کا مقصد یورپی یونین اورجی سی سی شراکت داروں کے درمیان بہترین طریقوں اور مہارتوں کے تبادلے کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیتے ہوئے جی سی سی کی گرین ٹرانزیشن کے لیے معاون پالیسیوں اورٹیکنالوجیز کو ترقی دینا اورای یو کی گرین ٹیک کمپنیوں اورخلیج کے علاقے میں ان کے پم منصب اداروں کے درمیان باہمی تعاون پرمبنی کاروباری ماحول کو فروغ دینا ہے۔

پائیدار مستقبل کے لیے تعاون:

لانچنگ ایونٹ میں متحدہ عرب امارات میں یورپی یونین کی سفیرلوسی برجر،یورپی کمیشن میں رینیوایبلز اینڈ انرجی سسٹم انٹیگریشن یونٹ کے سربراہ لوکاس کولنسکی اورمینا کے لیے ارینا کےریجنل پروگرام آفیسرطارق احمد نے اظہار خیال کیا۔ مقررین نے عالمی پائیداری کے چیلنجز سے نمٹنے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور اور گرین ٹرانزیشن پروجیکٹ پر ای یو- جی سی سی تعاون کی صلاحیت کو اجاگرکیا۔

اپنے افتتاحی خطاب میں سفیر لوسی برجر نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف اجتماعی کوششوں میں اس منصوبے کی اہمیت پر زوردیا،جس میں قابل تجدید توانائی کو تین گناکرنے اورتوانائی کے موثر استعمال کو دوگنا کرنے کے عالمی اہداف کے حصول کی جانب ای یو اور جی سی سی کے اہم کردار کواجاگر کیا گیا یہ منصوبہ کاروباری ماحول کو بہتربناکر ان اہداف تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

لوکاس کولنسکی نے کہاکہ ای یو اورجی سی سی کے درمیان گرین ٹرانزیشن تعاون آب و ہوا کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔ یہ اقدام جدت کو فروغ اور نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے زیادہ پائیدار مستقبل میں اپنا حصہ ڈالے گا۔

طارق احمد نے اس یقین کا اظہار کیا کہ گرین ٹرانزیشن پروجیکٹ کے ذریعے ای یو اور جی سی سی تعاون بروقت اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو فعال کرنے اور علاقائی تعاون کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جی سی سی خطے اور پوری دنیا کے لیے پائیدار مستقبل کے حصول کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

تبدیلی کا اہم محرک

ارینا جنرل اسمبلی کا اس سال کا تھیم تقریب کی خاص بات تھی،کوپ28 کی کامیابیاں:بنیادی ڈھانچہ، قابل تجدید ذرائع کو تین گنا اور انرجی ٹرانزیشن کو تیز کرنے کی پالیسیاں اور مہارتیں" کے عنوان سے گول میز مباحثے کاانعقاد کیاگیا،جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ یورپی یونین اور جی سی سی خطے میں قابل تجدید توانائی میں نمایاں اضافے کے لیے مضبوط انفراسٹرکچر تیار کرنے کے لیے کس طرح مل کر کام کرتے ہوئے صاف توانائی کی موثر پالیسیوں کا نفاذ اور افرادی قوت کو توانائی کے ارتقاء کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کر سکتے ہیں۔

گرین ٹرانزیشن پروجیکٹ کے ذریعے ای یو جی سی سی تعاون ٹرانزیشن کو متحرک کرے گا۔ تعاون کو فروغ دے کر، اس منصوبے کا مقصد قابل تجدید توانائی کے ذرائع کے مںصوبوں میں اضافہ کرنا، ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کو تیز کرنا،اقتصادی ترقی اور تنوع کا فروغ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے مقابلے میں لچک کو مضبوط بنانا ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک