شخبوط بن نہیان کی افریقہ میں قابل تجدید توانائی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت

ابوظہبی، 18 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ وزیر مملکت شیخ شخبوط بن نہیان النہیان نے ابوظہبی میں ارینا اسمبلی کے 14ویں اجلاس کےدوران افریقہ میں قابل تجدید توانائی منصوبوں کے قیام کے حوالے سےاعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں روانڈا کے انفراسٹرکچر وزیر ڈاکٹر جمی گیسور، کینیا کے توانائی و پیٹرولیم کے کابینہ سیکریٹری ڈیوس چیرچر اور بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی (ارینا) کے ڈائریکٹر جنرل فرانسسکو لا کیمرہ بھی شریک تھے۔

ارینا اسمبلی کا 14ویں سیشن'کوپ28 کی کامیابیاں: تین گنا قابل تجدید ذرائع و توانائی کی منتقلی کو تیز کرنے کے لیے انفراسٹرکچر، پالیسیز اور اسکلز'کے عنوان سے منعقد کیاگیا۔

شیخ شخبوط بن نہیان نے افریقہ میں قابل تجدید توانائی منصوبوں کے قیام کو تیز کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوںکو اجاگر کرتے ہوئے براعظم کی ضروریات کوپورا کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زوردیا۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور افریقہ کے درمیان مضبوط تعلقات دوطرفہ شراکت داری اور ترقیاتی منصوبوں سے ظاہر ہوتے ہیں۔ آج، متحدہ عرب امارات پورے براعظم کی خوشحالی اور بہبود اوربنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری کے ایک فعال رکن کے طور پر متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس طرح کے مواقع کے ساتھ منسلک ذمہ داریوں پر زوردیا اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے ٹھوس فوائد کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پرتعاون،اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے، افریقہ میں قابل تجدید توانائی کے وسیع امکانات سے استفادہ اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مہارت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر زوردیا۔

ترجمہ۔تنویرملک