متحدہ عرب امارات کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کاعلاقائی صورتحال، کشیدگی پر قابو پانے پر تبادلہ خیال

ابوظبی، 20 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے متحدہ عرب امارات اور عالمی ادارے کے درمیان انسانی ہمدردی کے شعبے اور علاقائی اور عالمی سطح پر امن اور ترقی کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پرمشترکہ تشویش کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال ،تناؤ پر قابو پانے اور اس میں اضافے کو روکنا شامل ہےکیونکہ اس سے خطے کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ بین الاقوامی سلامتی اور امن کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے خطے کو مزید تنازعات سے بچانے کے لیے تحمل اور دانشمندی کو ترجیح دینے پر زور دیا کیونکہ تنازعات سےسب کو نقصان ہوتاہے اور اس سےتعاون اور ترقی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جو خطے کے لوگوں کیلئے نقصا ن دہ ہے۔

عزت مآب شیخ محمد بن زاید اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ کی پٹی کی صورتحال اور مزید انسانی المیوں کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کے لیے کام کرنے کی اہمیت کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مناسب اور بلا روک ٹوک امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دو ریاستی حل پر مبنی جامع اور منصفانہ امن کی طرف پیش قدمی کی اہمیت پر بھی زور دیا کیونکہ یہ خطے میں پائیدار سلامتی اور استحکام کے حصول کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔

عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات خطے کو درپیش مشکل حالات میں امن برقرار رکھنے کے لیے اقوام متحدہ اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف جماعتوں کے ساتھ تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت اور اس کی قابل ذکر عالمی انسانی کوششوں خاص طور پر غزہ کی پٹی میں شہریوں کو مدد فراہم کرنے کو سراہا۔