ابوظہبی، 21 اپریل، 2024 (وام) ۔۔ موسمیاتی تبدیلی اور موسمیاتی ماہرین نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 16 اپریل کو ہونے والی شدید اور غیرمعمولی بارش کاربن اخراج میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے عالمی سطح پر ہونے والی شدید اور غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیوں کی نشاندہی ہے۔ اس شدید بارش کو سائنسی طور پر مصنوعی بارشوں سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔
16 اپریل کو، متحدہ عرب امارات کے کئی علاقوں میں اس کی جدید تاریخ میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، جو 1949 میں موسمیاتی اعداد و شمار کی ریکارڈنگ کے بعد سے اب تک کی سب سے شدید ترین بارش ہے۔
قومی موسمیاتی مرکز کے مطابق العین کے علاقے ختم الشکلہ میں سب سے زیادہ 254.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جو 75 سالوں میں ریکارڈ سب سے زیادہ بارش ہے۔ اس طرح کی غیر معمولی بارش امارات میں اوسط سالانہ بارشوں میں اضافے اور زیر زمین پانی کے ذخائر کو مجموعی طوربہتر کرنے میں معاون ہے۔
اس سلسلے میں سینئر ریسرچ سائنٹسٹ اور خلیفہ یونیورسٹی میں انوائرمینٹل اینڈ جیو فزیکل سائنسز لیب کی سربراہ ڈاکٹر ڈیانا فرانسس نے امارات نیوز ایجنسی وام کو ایک بیان میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں شدید موسمی حالات کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ وسط اپریل 2024 شدید موسم اور وسیع اثرات کے لحاظ سے غیر معمولی ہے۔ 16اپریل کو ہونے والی بارش کی مقدار غیر معمولی اور متحدہ عرب امارات میں 2 سالوں میں ہونے والی بارش یا لندن میں اوسطاً 7 ماہ میں ہونے والی بارش کے برابر تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ کلاؤڈ سیڈنگ اس غیر معمولی بارش کا سبب نہیں اور نہ ہی اس میں ایسا کوئی کردار ہے ، کیونکہ اس باشی کے سلسلے کا پیمانہ کافی بڑا اور اس نے خطے کے کئی ممالک کو متاثر کیا ہے۔ مزید برآں، اس بارش کی پیش گوئی کم از کم 5 دن پہلے کی گئی تھی ۔ مزید برآں، جب اس طرح کے شدید واقعات کی پیش گوئی کی جاتی ہے، تو کلاؤڈ سیڈنگ نہیں کی جاتی ہے کیونکہ پائلٹوں کے لیے ان محرک بادلوں کے اندر پرواز کرنا بہت خطرناک ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کا مقصد موجودہ بادلوں میں پانی کے بخارات کوبھاری بنا کربارش برسائی جاتی ہے یہ کسی بھی طرح سے بادل یا پانی کے بخارات خود نہیں بنا سکتا،اس ایونٹ کے دوران تمام شرائط کو پورا کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر فرانسس نے پیش گوئی کی کہ ماحول کی گرمی کے نتیجے میں شدید موسمی واقعات تیزی سے متواتر اور شدید ہوتے جائیں گے۔ گرمی کے اس رجحان سے ماحول میں زیادہ نمی برقرار رہنے سےموسم کی شدت بڑھ جاتی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک