ابوظہبی، 23 اپریل، 2024 (وام) - وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس کے دوران انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کے ساتھ ساتھ ان کو اس انداز میں بڑھانے کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا جو دونوں ممالک کے باہمی مفادات کو پورا کرے اور دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچائے۔
فریقین نے اقتصادی، تجارتی، ترقی اور دیگر شعبوں سمیت متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جو جامع اور پائیدار ترقی کے حصول کے لئے دونوں ممالک کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
شیخ عبداللہ نے متحدہ عرب امارات اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان مضبوط اور پھیلتے ہوئے تاریخی تعلقات پر زور دیتے ہوئے ان تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک کے اندر مشترکہ کوششوں کے مواقع کو بڑھانے کے لئے باہمی دلچسپی کو اجاگر کیا۔
محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات کی گہرائی پر زور دیتے ہوئے حالیہ چیلنجنگ موسمی حالات اور ملک میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی روشنی میں متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کی مسلسل حفاظت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے متحدہ عرب امارات اور اس کی عوام کے ساتھ پاکستانی حکومت کی جانب سے اظہار یکجہتی پر اظہار تشکر کیا اور ان موسمی حالات اور موسلا دھار بارشوں کے بعد ملک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔