دبئی، 28 اپریل، 2024 (وام)--نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پروجیکٹس کے اسٹریٹجک پلان کا جائزہ لیا اور المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نئے مسافر ٹرمینل کے ڈیزائن کی منظوری دی۔ 128 ارب درہم لاگت سے تعمیر ہونے والے اس نئے مسافر ٹرمینل سے ہوائی اڈے کی گنجائش سالانہ 26 کروڑ مسافر ہو جائے گی۔
عزت مآب شیخ محمد نے دبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پروجیکٹس کا دورہ کیا، اس موقع پر دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے اول نائب حکمران، نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
شیخ محمد نے کہا کہ "آج ہم نے المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نئے مسافر ٹرمینل کے ڈیزائن کی منظوری دی ہے اور دبئی ایوی ایشن کارپوریشن کی حکمت عملی کے مطابق 128 ارب درہم لاگت سے عمارت کی تعمیر شروع کر رہے ہیں۔"
عزت مآب نے بتایا کہ "المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈہ مسافروں کی گنجائش کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا، جس کی گنجائش سالانہ 26 کروڑ مسافروں تک پہنچ جائے گی۔ یہ دبئی کے موجودہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حجم سے پانچ گنا زیادہ ہو گا، آنے والے سالوں میں دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے تمام آپریشنز اس پر منتقل کر دیے جائیں گے۔ ہوائی اڈے میں 400 ہوائی جہاز کھڑے ہو سکیں گے اور اس میں پانچ متوازی رن وے ہوں گے۔ ایوی ایشن کے شعبے میں پہلی بار نئی ہوا بازی کی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جائے گا۔"
عزت مآب نے مزید کہا کہ "جیسا کہ ہم دبئی ساؤتھ میں ہوائی اڈے کے ارد گرد ایک پورا شہر بنا رہے ہیں، دس لاکھ لوگوں کے لیے مکانات تعمیر ہوں گے، یہ لاجسٹک اور ہوائی نقل و حمل کے شعبوں میں دنیا کی سرکردہ کمپنیوں کی میزبانی کرے گا۔ ہمارا کہنا تھا کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک نیا پروجیکٹ بنا رہے ہیں۔"
دبئی کے دوسرے نائب حکمران عزت مآب شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم، دبئی ایوی ایشن سٹی کارپوریشن کے چیئرمین، دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین اور امارات ایئر لائن اور گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو عزت مآب شیخ احمد بن سعید المکتوم اور کابینہ کے امور کے وزیر، اور دبئی کے ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین محمد بن عبداللہ القرقاوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ماسٹر پلان کا جائزہ
شیخ محمد نے مستقبل کے ہوائی اڈے کے ماسٹر پلان کا جائزہ لیا، جو مکمل ترقی کے بعد 70 مربع کلومیٹر کے وسیع رقبے پر محیط دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا۔ ہوائی اڈے کی حتمی گنجائش 26کروڑ ملین مسافر اور سالانہ 12 ملین ٹن کارگو سے زیادہ ہوگی۔
تقریب کے دوران عزت مآب شیخ محمد کو ہوائی اڈے کے ڈیزائن کی اہم خصوصیات اور اسٹریٹجک منصوبے کے بارے میں بتایا گیا۔
اس موقع پر عزت مآب شیخ احمد بن سعید نے کہا کہ عزت مآب شیخ محمد کی مسلسل حمایت کے ساتھ اور دبئی میں ہوا بازی کی صنعت کے لیے ان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم نئے ڈیزائن اور تعمیراتی عمل کے آغاز کا اعلان کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ جبل علی کے ہوائی اڈے کے منصوبے کا پہلا مرحلہ 10 سال میں مکمل ہو جائے گا، جس میں سالانہ 15کروڑ مسافروں کی گنجائش ہو گی۔
شیخ احمد بن سعید نے کہا کہ نیا ہوائی اڈہ، جو مکمل ہونے پر دبئی انٹرنیشنل کے سائز سے پانچ گنا زیادہ ہو گا، دبئی کے ہوابازی شعبے میں اگلے 40 سالوں کی متوقع ترقی کے لیے کافی ہوگا۔
المکتوم انٹرنیشنل (اے ایم آئی) کی منصوبہ بندی اس طرح کی گئی ہے کہ یہ مستقبل کی ترقی کی نمائندگی کرے۔یہ پانچ متوازی رن ویز پر مشتمل ہوگا جس میں چار گنا آپریشن، ویسٹ اور ایسٹ پروسیسنگ ٹرمینلز، 400 سے زیادہ ہوائی جہاز کے اسٹینڈز کے ساتھ چار سیٹلائٹ کنسرس، مسافروں کے لیے بلاتعطل خودکار پیپل موور سسٹم اور سڑکوں، میٹرو اور شہر کے لیے ایک مربوط لینڈ سائیڈ ٹرانسپورٹ ہب پر مشتمل ہوگا۔
پائیداریت کو اپناتے ہوئے، المکتوم انٹرنیشنل ائےرپورٹ پائیدار ماحول کے لیے متحدہ عرب امارات کے وژن کے مطابق ماحولیاتی اخراج کو کم کرنے میں بھرپور تعاون کرے گا۔
دبئی ایوی ایشن سٹی کارپوریشن کے ایگزیکٹو چیئرمین خلیفہ الزفین نے اس منصوبے کے معاشی فوائد کے حوالے سے کہا کہ اس نئے ہوائی اڈے کی ترقی دبئی کی معیشت کا ایک ناگزیر حصہ اور دبئی اکنامک ایجنڈا (ڈی 33) میں اہم شراکت ہوگی۔ یہ دبئی ساؤتھ (ایروٹروپولیس) میں رہنے والے اور کام کرنے والے دس لاکھ سے زیادہ لوگوں کے لیے اندازے کے مطابق افرادی قوت اور رہائشی ضرورت پیدا کرے گا۔
دبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پروجیکٹس کی سی ای او سوزان العنانی نے کہا کہ دبئی ایک بار پھر آگے بڑھ رہا ہے۔ عالمی سطح پر ہوا بازی کے شعبے میں اپنے اہم کردار کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ، یہ ہوائی اڈے کی ترقی ہوائی اڈوں کے تصور کے لیے بالکل نئے انداز کی نمائندگی کرے گی۔