اتحاد ایئرویز کا پانچ ایئرلائنز کے ساتھ انٹر لائن معاہدوں کو فروغ

ابوظہبی، 3 مئی، 2024 (وام) - اتحاد ایرویز نے اپنے عالمی نیٹ ورک کو مزید وسیع کرنے کے لیے پانچ نئے ایئرلائن پارٹنرز کے ساتھ دو طرفہ انٹرلائن شراکت داریاں قائم کی ہیں، جس سے مسافروں کے لیے سفر کے مزید اختیارات فراہم ہوں گے۔

ایئرلائن نے افغانستان میں کام ایئر، یونان میں اسکائی ایکسپریس، آسٹریلیا میں ریکس ایئرلائنز، کوریا میں جیجو ایئر اور میانمار ایئرویز انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری پر اتفاق کیا ہے۔

انٹر لائن معاہدوں کے تحت تمام ایئر لائنز کے صارفین کو ایک دوسرے کے نیٹ ورکس کے ذریعے مقامات سے بہتر رابطہ فراہم کیا جائے گا، جس سے مہمان ایک ہی ٹکٹ پر اپنا پورا سفر بک کرسکیں گے اور اپنے سامان کو بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی آخری منزل تک چیک کر سکیں گے۔

یہ نئی شراکتیں اتحاد کے مہمانوں کے لئے بہت سے نئے اختیارات پیش کرتی ہیں۔ ابوظہبی کے زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دنیا بھر سے آنے والے مہمان کابل جانے والی کام ایئر کی پرواز سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں اور اس کے بعد افغانستان کا سفر کر سکتے ہیں۔

ایتھنز کے لئے اتحاد کی روزانہ دو پروازوں پر پرواز کرنے والے مسافر، اسکائی ایکسپریس کے ساتھ یونان اور اس کے خوبصورت بحیرہ روم کے جزیروں میں 28 مقامات سے جڑ سکتے ہیں۔

ریکس ایئرلائنز مسافروں کو سڈنی اور میلبورن میں اتحاد کے گیٹ ویز سے آسٹریلیا کے 22 مقامات تک آسانی سے رسائی فراہم کرتی ہے، جن میں ایڈیلیڈ، ہوبارٹ، کینبرا، برسبین اور گولڈ کوسٹ شامل ہیں۔

جیجو ایئر کے ساتھ مہمان سیئول سے شمال مشرقی ایشیا کے سات ممالک کے 27 مقامات تک اپنا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔ میانمار ایئرویز انٹرنیشنل کے ساتھ روابط جنوبی ایشیا میں اتحاد کے گیٹ وے کے ذریعے ینگون اور منڈلے تک بہتر رسائی فراہم کریں گے۔

اتحاد کے پاس اب دنیا بھر کی ایئر لائنز کے ساتھ 123 انٹر لائن، کوڈ شیئر اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ ہیں۔