حمدان بن محمد کی زیرصدارت ایگزیکٹو کونسل کااجلاس ، بڑے منصوبوں کی منظوری

دبئی،8مئی، 2024 (وام) ۔۔دبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن کے مطابق دبئی کواقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم محرک اورعالمی سیاحت کی منزل بنانے کیلئے بڑے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں منعقد ہونے والی عربین ٹریول مارکیٹ (اے ٹی ایم) نمائش میں ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شیخ حمدان نے کہاکہ عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی طرف سے128 ارب درہم کی سرمایہ کاری اور سالانہ 260 ملین مسافروں کی گنجائش کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ بنانے کے اعلان کے بعد دبئی مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور عالمی سیاحت کی قیادت کر رہا ہے۔

شیخ حمدان کہا کہ دبئی شمال، جنوب، مشرق اور مغرب کے درمیان ایک پل کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ کمپنیوں کے لیے جدید ترین انفراسٹرکچر فراہم کرتا ہے جو عالمی توسیع کی بنیاد رکھتا ہے۔ دبئی کے مستقبل کو ڈیزائن کرنے میں کمیونٹی کی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم لوگوں کو ترقی کے مرکز میں رکھ کر اور دبئی کی کمیونٹی کو اپنے مستقبل کے ڈیزائن میں شامل کرکے متوازن اقتصادی اور سماجی ترقی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم ،دبئی کے پہلے نائب حکمران ، نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب چیئرمین ،شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم، دبئی کے دوسرے نائب حکمران اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب چیئرمین اور شیخ احمد بن سعید المکتوم، دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے ڈپٹی چیئرمین نے شرکت کی۔

دبئی کارپوریشن برائے سیاحت اور تجارت کی مارکیٹنگ (ڈی سی ٹی سی ایم) کے سی ای او عصام کاظم، دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم (ڈی ای ٹی) نے دبئی کے سیاحت کے شعبے کی مضبوط کارکردگی کو اجاگر کرنے والی ایک رپورٹ پیش کی جس میں تفریح سمیت سیاحت، ثقافتی سیاحت، ماحولیاتی سیاحت، طبی سیاحت کے ساتھ ساتھ تقریبات اور کانفرنسوں کو شامل کیا گیا ہے۔ کونسل نے ان اشاریوں کا بھی جائزہ لیا جو دبئی کی سیاحت کی پیشکش کی عالمی مانگ میں اضافہ کو ظاہر کرتے ہیں۔

اس ترقی کو المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پورا کیا جائے گا جو مکمل ہونے پر دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا جس میں 400 گیٹ اور پانچ رن وے ہونگے ۔ ہوائی اڈہ براہ راست دبئی اکنامک ایجنڈا (D33) کے مقاصد کی حمایت کرے گا جس کا مقصد شہر کو دنیا کے تین عالمی سیاحتی مقامات میں سے ایک بنانا ہے۔

ایگزیکٹو کونسل نے D33 کے مطابق کمرشل ٹرانسپورٹ سٹریٹیجی 2030 کی منظوری دی جس کا مقصد امارات کی معیشت میں کمرشل ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سیکٹر کا حصہ تقریباً دوگنا کر کے تقریباً 16.8 ارب درہم کرنا، انفراسٹرکچر میں ٹیکنالوجی کو 75 فیصد بڑھانا، کاربن اخراج کو30 فیصد کم کرن اور آپریشنل کارکردگی میں 10 فیصد اضافہ ہے۔ حکمت عملی کے تحت، دبئی کا مقصد اگلے سات سالوں میں اس شعبے کی ترقی اور اس کی مسابقت کو بڑھانے کے لیے کئی منصوبے اپنانا ہے۔

ایگزیکٹو کونسل نے دبئی میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے منصوبے کی منظوری دی تاکہ کاروبار کی کارکردگی اور معیار زندگی کو بلند کیا جا سکے۔ اس منصوبے میں ٹرپ کے اوقات کو 59 فیصد تک بہتر بنانے کے لیے ترجیحی پبلک بس روٹس تیار کرنا شامل ہے۔ اس منصوبے میں اسکول کے طلباء کو اسکول ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک پالیسی تیار کرنا بھی شامل ہے جس سے اسکولوں کے ارد گرد ٹریفک کے بہاؤ کو 13 فیصد تک بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید برآں اس منصوبے کا مقصد دبئی بھر میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اندر لچکدار کام کے اوقات اور دور دراز کے کام کی پالیسیوں کے نفاذ کو بڑھانا ہے۔ ایگزیکٹو کونسل نے ڈیٹا سینٹر کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے دبئی کی اسٹریٹجک سمت کی منظوری دی جس کا مقصد ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے کارفرما مستقبل کی معیشت کے لیے شہر کو ایک اہم منزل کے طور پر قائم کرنا ہے۔

دبئی اکنامک ایجنڈا کے ساتھ منسلک پالیسی کا مقصد اختراع کے ذریعے پیداواری صلاحیت کو 50 فیصد بڑھانا ہے، حکمت عملی اعلیٰ کارکردگی والے کمپیوٹنگ کو فروغ دینے، مائع کولنگ سسٹم کے استعمال اور قابل تجدید توانائی سے چلنے والے جدید ڈیٹا سینٹرز فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ 2028 تک دبئی کا مقصد مصنوعی ذہانت ایپلی کیشنز اور ویب 3.0 اور Metaverse جیسی اگلی نسل کی نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجیز کے لیے پائیدار ڈیٹا سینٹرز کا مرکز بننا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دبئی کی ڈیٹا کی گنجائش میں پانچ گنا اضافہ، سالانہ 14.3 بلین درہم کی قدر میں اضافہ اور علاقائی ڈیٹا انڈسٹری کے مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ اپنے جدید انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ ماحول کے ساتھ عالمی اے آئی سرمایہ کاری کے لیے دبئی کی اپیل کو تقویت دیتا ہے۔

ایگزیکٹیو کونسل نے ای دبئی سوشل ایجنڈا 33 پالیسی، قانون سازی اور سرکاری خدمات کی تشکیل میں کمیونٹی کی شرکت کو بڑھا کر کمیونٹی کی شرکت کی پالیسی کی بھی منظوری دی۔

اس اقدام کا مقصد خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے تاکہ انہیں کمیونٹی کی ضروریات اور توقعات کے ساتھ زیادہ قریب سے ہم آہنگ کیا جائے جن کی نشاندہی عوامی مصروفیت میں اضافہ کے ذریعے کی جائے گی۔

یہ پالیسی دبئی کے تمام رہائشیوں کے معیار زندگی کو فائدہ پہنچانے کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو آسان بنائے گی۔دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ، دبئی ڈیجیٹل اتھارٹی، سپریم لیجسلیشن کمیٹی اور محکمہ خزانہ کے اشتراک سے تیار کی گئی پالیسی شمولیت، بااختیار بنانے، پائیداری، تعاون اور شفافیت کے اصولوں پر مبنی ہے۔

ترجمہ: ریاض خان