متحدہ عرب امارات نے فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کی حمایت کرنے والے اقوام متحدہ کے ووٹ کا خیرمقدم کیا

ابوظہبی، 11 مئی، 2024 (وام) - متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو مکمل رکنیت دینے کی حمایت میں بھاری اکثریت سے ووٹنگ کا خیرمقدم کیا اور سلامتی کونسل سے درخواست کی کہ وہ فلسطینی ریاست کی رکنیت کی درخواست پر نظر ثانی کرے۔ یہ قرارداد امن کی راہ اور دو ریاستی حل کے حصول کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہےکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی خصوصی اجلاس کے دوران متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد میں اس بات کا تعین کیا گیا ہےکہ ریاست فلسطین اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کے لیے اہل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات مئی کے مہینے کے لیے عرب گروپ کے صدر کے طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور متعلقہ معاہدوں کے مطابق امن اور انصاف کو تقویت دینے، برادر فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور ایک آزاد خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ امن اور دو ریاستی حل کے حصول کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو تیز کیا جائے۔