متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کی اسرائیلی وزیر اعظم کے بیانات کی مذمت

ابوظہبی، 11 مئی، 2024 (وام) – وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے بیانات کی مذمت کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات اسرائیلی قبضے کے تحت غزہ کی پٹی کی سول انتظامیہ میں حصہ لے سکتا ہے۔

ایک بیان میں عزت مآب نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے پاس اس اقدام کو نافذ کرنے یا اس طرح کے کسی بھی اقدام کو اٹھانے کا قانونی اختیار نہیں ہے۔ مزید برآں، متحدہ عرب امارات نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی موجودگی کو تحفظ فراہم کرنے کے کسی بھی منصوبے میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں عزت مآب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جب ایک ایسی فلسطینی حکومت تشکیل دی جائے گی جو برادر فلسطینی عوام کی امیدوں اور امنگوں پر پورا اترے گی اور دیانت داری، اہلیت اور آزادی سے ممتاز ہو گی تو متحدہ عرب امارات اس حکومت کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوگا۔