دبئی، 12 مئی، 2024 (وام) ۔۔ دبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (دیوا) کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (آر اینڈ ڈی )سینٹر کی جانب سے 2023 میں متعدد بین الاقوامی سائنسی کانفرنسز، تحقیقی جرائد ورسائل میں 221 سائنسی اورتحقیقی مقالے شائع کیے گئے۔
اس تحقیقی جرائد ورسائل سے دیواکی مقامی اوربین الاقوامی سائنسی برادری کو سائنسی تحقیق کے شعبے میں خصوصی فائدہ پہنچا۔مقالوں میں شمسی توانائی، پانی، توانائی کے موثر استعمال ، سمارٹ گرڈ انٹیگریشن،اسپیس اور چوتھے صنعتی انقلاب سمیت مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔
آراینڈ ڈی سنٹر میں اعلیٰ ہنر مند اماراتی پیشہ ور افراد میں 29 پی ایچ ڈی اورماسٹر ڈگری ہولڈرزشامل ہیں۔ سنٹر میں اماراتائزیشن کی شرح 74 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ملازمین میں اماراتی خواتین فیصد 40 فیصد تک پہنچ گئی ہیں، جن میں سے کچھ سائنسی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل ہیں۔
دیوا کے ایم ڈی اور سی ای او سعید محمد الطایر نے کہا کہ ہمیں نائب صدر،وزیر اعظم اوردبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن سے رہنمائی حاصل ہے، جس کا مقصد جدید اور اختراعی سائنسی تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ یہ دبئی کلین انرجی اسٹریٹجی 2050 اور دبئی نیٹ زیرو کاربن ایمیشن اسٹریٹجی 2050 کے لیے بھی معاون ہے۔ دیوا کا مثبت ماحول تخلیقی صلاحیتوں اور جدت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بہترین مقامی اور بین الاقوامی تجربات اور طریقوں کے تبادلے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس سے حکومت اور تعلیمی شعبوں کے درمیان شراکت داری میں بھی اضافہ ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ آراینڈ ڈی سنٹر کا عملہ جدید ترین بین الاقوامی ٹیکنالوجیز اور جدید ترین سہولیات بشمول انٹرنیٹ آف تھنگز کی سہولیات، دیوا کی روبوٹکس اینڈ ڈرون لیبارٹری، دنیا کی پہلی 3ڈی پرنٹڈ لیبارٹری اور دیوا کے اپیس ڈی پروگرام کے لیے گراؤنڈ سٹیشن کا استعمال کررہا ہے۔اس کے ذریعے ہمارا مقصد ادارے کی ضروریات کے لیے ضروری پیداوار اور آپریشن کے مختلف شعبوں میں جدت، تحقیق اورترقی کو فروغ دینا اورشمسی اور صاف توانائی کی پیداوار میں توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔
الطایر نے سائنسی تحقیق کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی مسابقت اور قیادت کو تقویت دینے پر آر اینڈ ڈی سینٹر میں متنوع قومیتوں کے محققین اور ماہرین تعلیم کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آر اینڈ ڈی سینٹر کی جانب سے بین الاقوامی کانفرنسوں اور فورمز میں شائع ہونے والے سائنسی اور تحقیقی مقالے ملک کی عالمی صلاحیتوں کا مقابلہ کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہیں۔
دیوا میں بزنس ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسی لینس کے ایگزیکٹو نائب صدرولید بن سلمان نے کہا کہ دیوا کا آر اینڈ ڈی سینٹر تین این ایبلرز چوتھے صنعتی انقلاب (بشمول اے آئی، آئی اوٹی، روبوٹکس اینڈ ڈرونز، 3ڈی پرنٹنگ اور جدید مواد) اورتوانائی نظام کے تجزیہ اور خلا کے ذریعے کلیدی تحقیقی شعبوں پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔ اس کا مقصد مستقبل کے توانائی اور پانی کے نظام کے لیے امید افزا حل تیار کرنا ہے۔