دبئی میونسپلٹی کا فوڈ انوویشن کانفرنس 2024 کی اسپانسرشپ کا اعلان

دبئی، 12 مئی، 2024 (وام) - دبئی میونسپلٹی نے فوڈ انوویشن کانفرنس 2024 کی اسپانسرشپ کا اعلان کیا ہے، جس کا اہتمام محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (ایم بی آر جی آئی) نے ورلڈ اکنامک فورم کے تعاون سے 13 سے 15 مئی تک "مستقبل کے فوڈ سسٹمز کا ازسرنوتصور" کے عنوان سے کیا ہے۔

یہ اسپانسرشپ دبئی میونسپلٹی کی امارت میں فوڈ سیکٹر کی پائیداری کو بہتر بنانے کے لیے کوششوں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے ضروری اقدامات کا حصہ ہے۔

دبئی میونسپلٹی اپنے فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے ایک پائیدار فوڈ سسٹم کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے جو اعلیٰ ترین عالمی معیارات کے مطابق اس صنعت کی سیفٹی اور پائیداری کو ایک مربوط فوڈ کنٹرول ماحولیاتی نظام کی ڈیزائننگ کے ساتھ یقینی بناتا ہے۔

دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داؤد الھاجری نے کہا کہ فوڈ انوویشن کانفرنس 2024 کی سپانسرشپ فوڈ سیکٹر کی پائیداری کو فروغ دینے، فوڈ انڈسٹری میں جدید طریقوں کو متعارف کرانے، خوراک کی موثر فراہمی اور حفاظتی معیارات اور 'دبئی فوڈ سیکیورٹی اسٹریٹجی' کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز کے استعمال کے حوالے سے اس کی مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد فوڈ سیفٹی کو برقرار رکھنا، مقامی پیداوار کو بڑھانا، درآمدی ذرائع کو متنوع اور خوراک کے ضیاع کو کم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس عالمی خوراک کی پیداوار کی صنعت کو درپیش موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں کے موثر حل تلاش کرنے کے ایک منفرد موقع فراہم کرے گی۔

الحاجری نے کانفرنس کی اہمیت اور کردار کو اجاگر کیا جس میں دنیا کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے محفوظ خوراک کی فراہمی کی چینز کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹیکنالوجیز کے استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر اینڈ امارات ٹاورز میں ہونے والی فوڈ انوویشن کانفرنس 2024 میں 150 سے زیادہ عالمی ماہرین، ماہرین تعلیم، نجی و سرکاری کاروباری اداروں کے نمائندے اورفارمرز شریک ہوں گے۔

کانفرنس میں کئی ایک پینل مباحثوں اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس میں خوراک کے شعبے میں بہترین عالمی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید ترین تکنیکی ترقی خاص طور پر فوڈ سیفٹی کو برقرار رکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس کے استعمال کو اجاگرکیا جائے گا۔

فوڈ انوویشن کانفرنس کے دوران منگل 14 مئی کو فوڈ انوویشن ہب لیڈرشپ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا، 13 اور 14 مئی کو ایک اوپن نمائش میں فوڈ سسٹم کے حوالے سے جدید ترین کوششوں کو دکھایا جائے گا۔ کانفرنس کا اختتام بڑی فیکٹریوں، فارمز اور قومی فوڈ پروڈکشن کمپنیوں کے فیلڈ وزٹ کے ساتھ ہوگا۔