نیویارک، 13 مئی، 2024 (وائم) -- اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے پیر کے روز غزہ کی پٹی میں اقوام متحدہ کے ایک اہلکار کی ہلاکت اور دوسرے اہلکار کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور اس حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ڈپٹی ترجمان فرہان حق نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ "سیکرٹری جنرل اس بات سے انتہائی غمزدہ ہیں کہ آج صبح رفحاء کے یورپی ہسپتال جاتے ہوئے اقوام متحدہ کے ڈیپارٹمنٹ آف سیفٹی اینڈ سیکیورٹی (ڈی ایس ایس) کے ایک اہلکار کی گاڑی پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔"
حق کے مطابق، گٹیرس نے اقوام متحدہ کے عملے پر ہونے والے تمام حملوں کی مذمت کی ہے اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔