ابوظہبی، 19 مئی، 2024 (وام) - ایدنیک گروپ کی شراکت داری اور وزارت داخلہ اور ربدان اکیڈمی کی جانب سے پہلی بار (ISNR 2024) کانفرنس کا 21 سے 22 مئی تک انعقاد کیا جائے گا۔ ایدنیک سینٹرابوظہبی میں ہونے والی کانفرنس میں معروف عالمی ماہرین شرکت کریں گے۔
کانفرنس سٹریٹجک وژن کا ایک لازمی حصہ ہے جس کا مقصد عالمی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے سیکیورٹی کے جدید ذرائع میں پیش رفت کرنا، قومی سلامتی کے تصورات کو بہتر بنانا اور سیکورٹی حکمت عملیوں اور پالیسیوں کو اپ ڈیٹ کرنا ہے۔ خیالات اور بحث کے ایک باوقار پلیٹ فارم کی حیثیت سے اس میں ایلیٹ فیصلہ ساز اور ماہرین اپنی مہارت اور نقطہ نظر کے تبادلہ کے لیے شرکت کریں گے۔
"سیکورٹی کے مستقبل کی پیش بینی" کے عنوان کے تحت کانفرنس میں اعلیٰ سطحی موضوعات پر تفصیلی بحث کی جائے گی۔ ان موضوعات میں عالمی استحکام میں اسٹریٹجک اتحاد، قومی سلامتی کے رجحانات، مستقبل کی حکمت عملیوں کو اختیار کرنا، شواہد پر مبنی پولیسنگ اور پولیس حکمت عملی اور قومی سلامتی میں پائیداری کو یقینی بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔
کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں دو پریزنٹیشنز : "مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ: قومی سلامتی کے رجحانات کا تجزیہ اور مستقبل کی حکمت عملیوں کو اختیار کرنا" اور "شواہد پر مبنی پولیسنگ میں جدت - نئی سمتیں اورچیلنجز" پیش کی جائیں گی۔
پریزنٹیشنز کے بعد"مشرق وسطیٰ کے لیے چیلنجزاورامکانات میں نالج کمیونٹیز کے کردار" پر ایک اہم پینل بحث کا انعقاد کیا جائے گا۔
پہلے دن کے ایجنڈے میں "ڈیجیٹل دور میں پولیس حکمت عملی اورکرائسز مینجمنٹ:بہترین بین الاقوامی طرز عمل اور تجربات کا اشتراک" کے موضوع پر خصوصی سیشن بھی شامل ہے جس کا اختتام "لچکدار مستقبل: قومی سلامتی میں پائیداری کو محفوظ بنانا" کے عنوان سے ایک گول میزکانفرنس کے ساتھ ہوگا۔
کانفرنس کے دوسرے دن "مصنوعی ذہانت اور سیکورٹی ٹیکنالوجی کا مستقبل" کا جائزہ لیا جائے گا جس میں اے آئی میں جدید ترین پیش رفت اور پولیس اور بحران سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے حوالے سے اس کے موثر ہونے کا جائزہ لیا جائے گا۔
ماہرین کا پینل "قومی سلامتی کے نظام اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں مصنوعی ذہانت کا کردار" پربحث کرے گا اس کے بعد "محفوظ اخلاقیات:اے آئی کے محفوظ مستقبل میں حکومتی کردار" کے عنوان سے پریزنٹیشن دی جائے گی۔
کانفرنس میں "سائبر سیکیورٹی میں اختراعی حل اور علاقائی اور عالمی استحکام پر ان کے اثرات" کے موضوع پر ایک گول میز کیس اسٹڈی پریزنٹیشن پیش کی جائے گی۔