عبداللہ بن زاید کا برازیل کے وزیر خارجہ سے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پراظہار تعزیت، شراکت داری مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 19 مئی، 2024 (وام) ۔۔ وزیرخارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے برازیل کے وزیر خارجہ مورو ویراکے ساتھ حالیہ سیلاب میں ہونے والے جانی ومالی نقصان پردلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے ٹیلی فون پر حالیہ سیلاب کے پیش نظر برازیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے متاثرین کی جلد صحت یابی اور برازیل کی عوام کے تحفظ اور خوشحالی کی امید کا اظہار کیا۔

دونوں وزرا خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، شیخ عبداللہ نے متحدہ عرب امارات اوربرازیل کے درمیان مضبوط اورمسلسل ترقی کرتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا۔

اس موقع پر ویرا نے برازیل کے لیے عظیم امدادی اقدامات اور سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے مدد کرنے پر یو اے ای اور اس کی دانشمندانہ قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔