ابوظہبی، 21 مئی، 2024 (وام) -نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان کی سرپرستی میں آج ابوظہبی 2024 کے لیے بین الاقوامی نمائش برائے قومی سلامتی اور لچک (ISNR) کا آغاز ہوا۔
2008ء میں نمائش کے آغاز کے بعد سے اب تک کا یہ سب سے بڑا ایڈیشن ہے، جو آج سے 23 مئی تک ابوظہبی نیشنل ایکزیبیشن اینڈ کنونشن سنٹر (ADNEC) میں جاری رہے گا۔
"قومی سلامتی کے ماحول میں تیز رفتار تبدیلی" کے موضوع پر مبنی یہ کانفرنس، وزارت داخلہ کی شراکت سے ADNEC کی طرف سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ابوظہبی پولیس ایک حکمت عملی شراکت دار اور ربدان اکیڈمی ایک تعلیمی شراکت دار ہے۔
ISNR ابوظہبی 2024 میں 210 نمائش کنندگان شامل ہیں، جو 2022ء کے ایڈیشن کی نسبت 14 فیصد اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ، نمائش میں 35 ممالک کی نمائندگی ہے، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے 6 فیصد اضافہ ہے۔
یہ کانفرنس سرکاری اور نجی شعبے کے قومی اور سائبر سیکیورٹی حکام، خریداروں، اور سپلائی چین کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کاروبار کرنے، صنعت میں رہنمائی کو فروغ دینے، جدت کا مظاہرہ کرنے اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال اور اثر انداز ہونے کے لیے اکٹھا کرتی ہے۔