عبداللہ بن زاید کی مرحوم ایرانی صدر کی سرکاری سوگ کی تقریب میں شرکت

تہران، 22 مئی، 2024 (وام) -- متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ایران کے مرحوم صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تہران میں منعقدہ سرکاری سوگ کی تقریب میں شرکت کی۔

شیخ عبداللہ بن زاید کے ہمراہ وفد میں وزیر مملکت خلیفہ شاہین المرار، وفاقی قومی کونسل میں دفاع، داخلہ اور خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی رشید النعیمی اور اسلامی جمہوریہ ایران میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سیف محمد الزابی بھی شامل تھے۔ عزاداری کی تقریب ایران کے دارالحکومت تہران کے بین الاقوامی کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی جس میں دنیا کے متعدد ممالک کے رہنماؤں اور نمائندوں نے شرکت کی۔

عزت مآب شیخ عبداللہ نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی تعزیت اور ہمدردی کا پیغام دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان پر اپنی رحمت اور مغفرت نازل فرمائے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کانی سے ملاقات کے دوران شیخ عبداللہ نے ان مشکل حالات میں ایران کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔

شیخ عبداللہ نے ایران کے مرحوم وزیر خارجہ کی جانب سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ تعزیت کے لیے آج صبح تہران پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں ایک سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔