ابوظہبی، 27 مئی، 2024 (وام) – ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) نے آج "میک اٹ ان دی ایمریٹس" فورم میں اپنے مقامی مینوفیکچرنگ کے ہدف میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ادنوک کا مقصد 2030 تک کلیدی صنعتی مصنوعات کی مقامی طور پر مینوفیکچرنگ میں 90 ارب درہم (24.5 ارب امریکی ڈالر) تک حاصل کرنا ہے۔ یہ بلند ہدف اس کمپنی کے اپنے پہلے 70 ارب درہم کے ہدف کو وقت سے پہلے حاصل کرنے کی کامیابی پر مبنی ہے۔
وزیر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی، ادنوک کےمنیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر نے کہاکہ، "متحدہ عرب امارات کی قیادت کی حکمت عملی کی روشنی میں، ادنوک متحدہ عرب امارات میں معاشی، سماجی اور صنعتی ترقی کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے ۔ یہ توسیع شدہ اقدام متحدہ عرب امارات کی معاشی تنوع کو فروغ دے گا، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرے گا اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے لیے اعلیٰ ہنر والی نجی شعبے کی ملازمتیں فراہم کرے گا۔"
ادنوک کا توسیع شدہ "ان کنٹری ویلیو (ICV)" پروگرام اس حکمت عملی کا ایک اہم محرک ہے۔ یہ پروگرام 2028 تک متحدہ عرب امارات کی معیشت میں اضافی 178 ارب درہم (49 ارب امریکی ڈالر) واپس لانے کا ہدف رکھتا ہے۔ کمپنی نے پہلے ہی مقامی مینوفیکچررز کو دھاتی پائپوں اور والووں کے لیے 16.8 ارب درہم (4.6 ارب امریکی ڈالر) کے معاہدے دے کر ICV کے لیے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
توسیع شدہ ICV پروگرام اماراتی کاروباری اداروں اور مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں (MSMEs) کے لیے ایک مخصوص ایکسلریٹر پروگرام پیش کرتا ہے۔ یہ پروگرام سپلائی چین میں پائیدار طریقوں کو بھی فروغ دیتا ہے اور مصنوعی ذہانت (AI) کو اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔
ڈاکٹر الجابر نے مزید کہاکہ، "2021 میں 'میک اٹ ان دی ایمریٹس' کی لانچنگ کے بعد سے، ادنوک نے مقامی مینوفیکچررز کے ساتھ اپنے براہ راست اخراجات کو تین گنا سے زیادہ کر دیا ہے۔ ہم مقامی اور بین الاقوامی مینوفیکچررز کو ہمارے ICV پروگرام سے فائدہ اٹھانے اور متحدہ عرب امارات کے صنعتی ترقی کے سفر میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔"