سنگاپور،3جون، 2024 (وام) ۔۔وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے سنگاپور کے وزیر اعظم لارنس وونگ سے ملاقات کی اور انہیں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے سنگاپور اور اس کے عوام کی کامیابی اور خوشحالی کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان جامع شراکت داری سے متعلق کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، توانائی، تعلیم اور موسمیاتی کارروائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سنگاپور کے وزیراعظم نے شیخ عبداللہ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے سنگاپور کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینےکے عزم کی توثیق کی تاکہ ترقی اور پائیدار اقتصادی خوشحالی کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے ممالک کے وژن کی حمایت کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ 2019 میں متحدہ عرب امارات اور سنگاپور ایک جامع شراکت داری قائم کرکے اپنے دوطرفہ تعلقات کو اگلی سطح پر لے گئے۔ اس فیصلے سے دونوں ممالک اور انکے عوام کے باہمی مفادات کے تحفظ کے ساتھ باہمی تعاون تیز کرنے میں مدد ملی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی ،بین الاقوامی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص غزہ کی پٹی کے حالات اور اس کے انسانی زندگی پرہونے والے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سنگاپور میں متحدہ عرب امارات کے سفیر جمال عبداللہ السویدی اور اقتصادی اور تجارتی امور کے معاون وزیر خارجہ سعید مبارک الحجری بھی ملاقات میں شریک تھے۔