دبئی، 5 جون، 2024 (وام) – دبئی چیمبرز کے تحت کام کرنے والے تین چیمبرز میں سے ایک، دبئی چیمبر آف کامرس کے تازہ تجزیے کے مطابق اس سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران چیمبر میں شامل ہونے والی نئی غیر اماراتی کمپنیوں کی فہرست میں بھارتی کاروبار سرفہرست رہا، جس میں 4،351 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔
یہ نتائج دبئی کی بھارت سے براہ راست سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی مضبوط صلاحیت کو اجاگر کرتے ہیں اور بین الاقوامی کاروبار میں امارات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو ظاہر کرتے ہیں۔
پاکستان 2،222 نئی کمپنیوں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ مصر 1404 نئی کمپنیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پہلی سہ ماہی کے دوران 736 نئی شامی کمپنیاں چیمبر میں شامل ہوئیں جس سے شام فہرست میں چوتھے نمبر پرہے۔
برطانیہ 698 نئی کمپنیوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش 635 نئی کمپنیوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
عراق 501 نئی کمپنیوں کے ساتھ ساتویں جبکہ سوڈان 379 نئی کمپنیوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔
چین 362 نئی کمپنیوں کے ساتھ نویں اور اردن 343 نئی کمپنیوں کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔
نئی رکن کمپنیوں کی شعبہ جاتی تقسیم کے لحاظ سے، تجارت اور خدمات کا شعبہ پہلے نمبر پر ہے، جو کل کا 42.3 فیصد ہے۔ رئیل اسٹیٹ، رینٹنگ اور بزنس سروسز کا شعبہ 33.9 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد تعمیراتی شعبہ 9.2 فیصد کے ساتھ تیسرے اور ٹرانسپورٹ، اسٹوریج اور مواصلات کا شعبہ 8.1 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ سماجی اور ذاتی خدمات کا شعبہ 6.5 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔